کراچی: رینجرز، پولیس سے مقابلوں میں 2 طالبان کمانڈروں سمیت 9 دہشت گرد ہلاک
کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں گزشتہ روز رینجرز اور پولیس کے ساتھ 2 مقابلوں میں کالعدم تحریک طالبان کے 2 علاقائی کمانڈروں سمیت 9 دہشت گرد مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق گلشن سکندر آباد ٹاپو کیماڑی میں علی الصبح رینجرز کی بھاری نفری نے چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ رینجرز کی جوابی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان الیاس کشمیری گروپ کے علاقائی کمانڈر محمد عمر عرف فہد مون، انس عرف ثاقب، عبدالرئوف عرف بلال، جاوید حسن عرف یاسین اور طلحہ قیصر عرف عمران شامل ہیں، دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کے علاوہ دستی بموں سے بھی حملہ کیا جس سے 2 رینجرز اہلکار شدید زخمی ہو گئے، دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ پانچوں پچھلے برس رینجرز کے سیکٹر کمانڈر اور پولیس کی موبائلوں پر دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے اور اب حسن سکوائر پر واقع ایکسپو سنٹر پر حملے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ دریں اثناء سہراب گوٹھ میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ایس ایس پی ملیر رائو انور کے مطابق دہشت گردوں سے سب مشین گن اور نائن ایم ایم پستول برآمد ہوئے۔ مرنیوالے دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت زبیر کے نام سے ہوئی جو تحریک طالبان سوات کا کمانڈر اور ملا فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا۔ دہشت گرد زبیر سوات میں فوجیوں کی گردنیں کاٹ کر اپنے گھر کے باہر لٹکانے میں بھی ملوث تھا۔ وہ ایک ڈرون حملے میں زخمی ہونے کے بعد کراچی علاج کرانے آیا پھر صحت یاب ہونے کے بعد کارروائیاں شروع کر دی تھیں۔