قصور: نشہ میں دھت باراتیوں کی ہوائی فائرنگ ‘ 2 بچے جاں بحق
قصور+گنڈاسنگھ والہ + لاہور (نامہ نگاران+خصوصی رپورٹر)گنڈا سنگھ والا کے نواح شادی کی تقریب میں مبینہ شراب کے نشہ میں دھت باراتیوں کی ہوائی فائرنگ کے نتیجہ میں دو بچے جاں بحق ہو گئے اور اسی طرح خوشیوں والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔ تفصیلات کے مطابق گائوں ٹھٹھی کلنجر میں عارف ڈوگر کی بیٹی کی الوداع ہونا تھی اس کے گھر آنے والی بارات میںشامل بشیر احمد ڈوگر اور اس کے ساتھیوں نے مبینہ شراب کے نشہ میں دھت خوشی کے طور پر ہوائی فائرنگ کی جس کی گولیاں بارات میں شامل دو بچوں 10سالہ وسیم احمد اور8 سالہ شمشاد احمد کو جا لگیں جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے پولیس تھانہ گنڈا سنگھ والا ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے گنڈا سنگھ میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے دو بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی خبر کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او قصور سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہدایت کی ہے فائرنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔