اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، ایک ارب 80 کروڑ کے رمضان پیکج کی سمری پیش ہوگی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں رمضان پیکج پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں ایک ارب 80 کروڑ روپے کے رمضان پیکج کی سمری پیش کی جائے گی۔ بنیادی ضروریات کی 13 اشیاء 5 سے 10 روپے تک سستی کرنے کی منظوری کا امکان ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز پر چینی کی سبسڈی بحال کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں خریف سیزن کیلئے 3 لاکھ 80 ہزار ٹن یوریا کھاد کی درآمد اور ایل این جی کی درآمد کیلئے قیمتوں کے تعین پر بھی غور ہوگا۔ علاوہ ازیں وزارت صنعت و تجارت نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سفارش کی کہ چینی پر 5 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے، سبسڈی کیلئے ایک ارب 80 کروڑ روپے مختص کئے جائیں۔ نجی ٹی کی رپورٹ کے مطابق آٹا، چینی، دالیں، چاول، مشروبات اور دیگر اشیاء پر سبسڈی کی تجویز ہے۔ رمضان پیکج پر 16 جون سے عملدرآمد کرنے کی تجویز ہے۔ گھی اور تیل کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کمی کی جائے گی۔