• news

خیبر پی کے: ’’گھر آیا استاد‘‘ داخلہ مہم کا آغاز تین ہفتے میں 8 لاکھ بچوں کو سرکاری سکول میں داخل کرانے کا ہدف ہے: صوبائی وزیر تعلیم

پشاور(بی بی سی اردو) خیبر پی کے کی حکومت نے صوبے میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کروانے کیلیے ’گھر آیا استاد‘ کے نام سے داخلہ مہم کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت اس سال 8 لاکھ بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے گذشتہ روز اس مہم کا افتتاح کیا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزرا اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان نے کہا کہ داخلہ مہم کا بنیادی مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرانا ہے۔  یہ مہم تین ہفتے تک جاری رہے گی اور اس دوران صوبے بھر میں 8 لاکھ بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کروانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس مہم کا نام ’گھر آیا استاد‘ اس لیے رکھا گیا ہے کیونکہ اساتذہ کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں کہ وہ گھر گھر جا کر والدین اور علاقے کے عمائدین سے ملاقاتیں کریں اور ان کے بچوں کو سکولوں میں داخل کروائیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا گذشتہ سال بھی 7 لاکھ بچوں کو سکولوں میں داخل کروانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا اور حکومت ساڑھے 6 لاکھ سے زائد بچوں کو داخل کرانے میں کامیاب ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اساتذہ داخلہ مہم میں حصہ نہیں لیں گے بلکہ ہر سکول کی سطح پر ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں، اور اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ اس دوران بچوں کا وقت ضائع نہ ہو۔

ای پیپر-دی نیشن