بجلی کی لوڈ شیڈنگ برقرار، کاروبار متاثر، جامکے چٹھہ میں مظاہرہ
لاہور +حافظ آباد+ جامکے چٹھہ (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ گزشتہ روز بھی برقرار رہی جس کے باعث کاروبار شدید متاثر رہے۔ شہروں اور دیہات میں 12 سے 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا رہا جبکہ کئی شہروں میں پانی کی بھی قلت رہی۔ جامکے چٹھہ میں طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بے پناہ اضافہ کردیا گیا ہے اور دورانیہ 14گھنٹے تک پہنچ گیا جس سے شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ احمد نگر چٹھہ میں مسلسل 3 سے 4 گھنٹے بجلی غائب ر ہنے لگی جبکہ بغیر شیڈول لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا گرمی شروع ہوتے ہی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹوں تک پہنچ چکا ہے اور تمام کاروبار بند ہوکر رہ گئے ہیں اور بجلی آنے اور جانے کا کوئی ٹائم ٹیبل نہیں۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھ جانے سے شہری ایک بار پھر پریشان ہوکر رہ گئے جبکہ دن اور رات کے دوران بجلی کی طویل بندش سے پاور لومز فیکٹریوں پر تالے لگنا شروع ہو گئے۔