لاہور: تین ماہ میں 14 ہزار 424 وارداتیں، شہریوں کا جینا محال
لاہور (میاں علی افضل سے) صوبائی دارالحکومت میں آپریشن ونگ پولیس کی ناقص کارکردگی کے باعث 3ماہ میں قتل، اندھے قتل، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی و چوری اور ڈکیتی مزاحمت پر قتل کی 14 ہزار 424 وارداتوں نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔ شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہو گئے اور رات ہوتے ہی گھروں میں محصور ہونے پر مجبور ہو گئے۔ جرائم پیشہ عناصر بے خوف دن دیہاڑے وارداتوں میں مصروف ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف کی جانب سے متعدد ایس اوز کے تبادلوں کے باوجود وارداتوں کو سلسلہ رک نہ سکا۔ پولیس کا انوسٹی گیشن ونگ بھی تمام جرائم پیشہ عناصر کو ٹریس کرنے میں ناکام ہو گیا ہے۔ انوسٹی گیشن پولیس تاحال 2014 کے 8ہزار 383 مقدمات کی انوسٹی گیشن مکمل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ 2015کے 8ہزار 277 مقدمات کی انوسٹی گیشن بھی زیر التوا ہے۔ اندراج مقدمہ اور مقدمات کی انوسٹی گیشن کے دوران پولیس کی سست روی، ملزمان سے مبینہ ملی بھگت، ملزمان کی عدم گرفتاری نے شہریوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔