لاہور: زیر التوا منشیات اور حدود کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ
لاہور (شہزادہ خالد) لاہور کی سیشن عدالتوں میں زیرالتواء منشیات اور حدود کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا۔ 9 سیشن عدالتوں میں 4989 مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں سے منشیات کے 4261 اور حدود کے 728 کیس ہیں۔گذشتہ ماہ 3 سیشن عدالتوں میں حدود کے 129 نئے کیس سماعت کے لئے پیش کئے گئے جبکہ پہلے سے زیر سماعت مقدمات کی تعداد 599 تھی اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ حدود کیسز میں کس تیز رفتاری سے اضافہ ہوا ہے۔گذشتہ ماہ منشیات کے 1237 نئے مقدمات دائر ہوئے پہلے سے زیر التوا مقدمات کی تعداد 3597 تھی۔ فاضل عدالتوں نے ایک ماہ میں 118 منشیات اور 12 حدود مقدمات کے فیصلے کئے۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل فون کا غیر ضروری استعمال، پولیس کی ناقص کارکردگی اور حکومتی اہلکاروں کی فرائض سے غفلت کے باعث معاشرے میں حدود کیس اور منشیات فروشی جیسے جرائم میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ججوں کی تعداد کم ہونے اور مقدمات کا بوجھ تیزی سے بڑھنے سے انصاف ملنے میں تاخیر ہورہی ہے۔ ایم مدثر چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ انگریز دور کے قوانین میں ترمیم ضروری ہے، ملکی قوانین اسلام کے مطابق ہونے چاہئیں۔