• news

امریکی سفیر کی اسحق ڈار سے ملاقات‘این جی اوز کی رجسٹریشن معاملات پر گفتگو

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وزیر خزانہ اسحق ڈار سے ملاقات کی، اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں این جی اوز کی رجسٹریشن کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔ امریکی سفیر نے کہا کہ مقامی فرٹیلائزر امریکہ کی کمپنی سے اشتراک چاہتی ہے۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مقامی اور امریکی کمپنی کے اشتراک کا معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی طے کریگی۔ علاوہ ازیں  امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پاک امریکہ توانائی ورکنگ گروپ کا اجلاس 30,29 اپریل کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ حکومت پاکستان نے  ایل این جی کی درآمد سمیت توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ گزشتہ روز اپنے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ ایل این جی کی درآمد کے نتیجے میں بجلی کے شعبے میں ڈیزل اور فرنس آئل کا استعمال ختم ہوجائیگا جبکہ اس سے 75 کروڑ ڈالر کی بچت ہوگی، نیز یو ایس ایڈ کے تعاون سے گیس سے چلنے والے دو پلانٹس کی تنصیب کے بعد ایل این جی کے ذریعے ہونیوالی بچت 2 ارب ڈالر تک پہنچ جائیگی۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے مزید کہا کہ 30,29 اپریل کو منعقد ہونیوالے پاکستان، امریکہ توانائی ورکنگ گروپ کے اجلاس میں امریکی وفد کی قیادت خصوصی نمائندے اموس ہوسٹن کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن