• news

وزیراعلیٰ تاجروں کو ہراساں کئے جانے کا نوٹس لیں: لاہور چیمبر آف کامرس

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیراعلیٰ شہباز شریف پر زور دیا ہے کہ وہ محکمہ سوشل سکیورٹی اور صنعت و تجارت سے متعلقہ دیگر محکموں کو ہدایت کریں کہ تاجروں کو ہرگز ہراساں نہ کیا جائے کیونکہ اس سے کاروباری ماحول بْری طرح خراب ہورہا ہے۔ تاجروں کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد جاری کردہ بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ تاجر برادری کو پہلے ہی بجلی کے بحران سمیت بہت سے مسائل کا سامنا ہے ایسے میں محکمہ سوشل سکیورٹی اور دیگر اداروں کے سخت اقدامات جلتی پر تیل کا کام کررہے ہیں۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ بہت سے تاجروں نے شکایت کی ہے کہ جن تاجروں کے پاس پہلے تیس ملازمین تھے انہوں نے معاشی بحران کی وجہ سے ان کی تعداد کم کرکے دس یا بارہ کردی مگر محکمہ سوشل سکیورٹی ان تاجروں سے ابھی بھی تیس ہی ملازمین کا کنٹری بیوشن طلب کر رہا ہے اور مطالبہ پورا نہ کرنے پر نوٹس بھجوا کر اور چھاپے مار کر تاجروں کو ہراساں کررہے ہیں جو کسی طرح بھی درست نہیں ہے۔ تاجر برادری پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہتی ہے لیکن یہ ضروری ہے کہ پہلے اسے موزوں ماحول مہیا کیا جائے۔ وزیراعلیٰ صوبہ کو صنعت و تجارت کا مرکز بنانے کے لیے اور کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن