مانانوالہ: قتل یا خودکشی، زہریلا انجکشن لگنے سے نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا
مانانوالہ (نامہ نگار) قتل یا خودکشی۔ نوجوان زہریلا انجکشن لگنے سے زندگی کی بازی ہارگیا۔ بتایا گیا ہے کہ محلہ پرانی منڈی کے رہائشی نانبائی محمد یونس کے 22 سالہ بیٹے محمد لقمان کی تین روز قبل اچانک طبیعت خراب ہوگئی جسے تشویشناک حالت کے باعث میو ہسپتال لاہور لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے جسم میں زہر ہونے کی تصدیق کردی۔تین دن موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد نوجوان دم توڑ گیا۔ذرائع کے مطابق متوفی کی جب طبیعت خراب ہوئی تو اس کی چارپائی کے پاس زہریلا انجکشن پڑا تھا تاہم یہ واضع نہیں ہو سکا کہ اس نے انجکشن خود لگایا ہے یا کسی اور نے۔ متوفی کی چند دن تک سعودی عرب جانے کی ٹکٹ کنفرم تھی۔ محمد لقمان کی میت جب اس کے گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا اور اس کے گھر والوں کے دلسوز بین سن کر وہاں موجود ہر شخص کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔