پی ٹی آئی ارکان3 روز کے اندر دھاندلیوں کے ثبوت جمع کرائیں: عمران کی ہدایت
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ دھاندلی کے ثبوت جوڈیشل کمشن میں 15 روز کے اندر جمع کرائے جائیں گے جبکہ تمام ارکان کو دھاندلی کے ثبوت ویڈیوز، کاغذات، موبائل کلپس اور جعلی بیلٹ پیپرز 3 روز کے اندر خصوصی کمیٹی کے حوالے کرنے کی ہدایت کی گئی۔ عمران خان نے تمام عہدیداروں کو ثبوت جمع کرنے کا سلسلہ تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین بھی شریک تھے۔ دریں اثناء تحریک انصاف نے نادرا سے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق 37 انتخابی حلقوں میں انگوٹھوں کی تصدیق کی تیار شدہ رپورٹس فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15اپریل سے قبل رپورٹس مہیا کی جائیں کیونکہ یہ رپورٹس جوڈیشل کمشن میں پیش کرنا چاہتے ہیں۔ گذشتہ روز پارٹی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی جانب سے چیئرمین نادرا عثمان مبین کو ارسال کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نادرا کی تیارشدہ رپورٹس کو انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمشن کے سامنے پیش کرنا چاہتی ہے۔ ان رپورٹس کا سرکاری طور پر تصدیق شدہ ہونا بھی ضروری ہے۔ خط میں اس بات کو بھی واضح کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 19 اے کے تحت نادرا پر رپورٹ فراہم کرنا لازمی ہے۔