مچھ: ایف سی کی کارروائی، قائداعظم ریذیڈنسی پر حملے کے ملزم سمیت 3 دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) مچھ میں ایف سی کی کارروائی کے دوران قائداعظم ریذیڈنسی پر حملے کے ملزم سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ گزشتہ روز ایف سی ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ ایف سی نے مچھ میں سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ قبضہ سے بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والوں میں قائداعظم ریذیڈنسی پر حملے کا ملزم محمود عرف ماما بھی مارا گیا۔ اسکے علاوہ ملزم کوئٹہ میں آباد کاروں کی ٹارگٹ کلنگ اور ٹرین حملوں میں ملوث تھا۔ مزید برآں کوئٹہ میںحساس اداروں نے کیپٹیل سٹی پولیس دفتر پر حملے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کوحراست میں لے لیا۔ ایک مشتبہ شخص کوحراست میں لے لیا گیا۔ ملزم نے اعتراف کیاکہ سی سی پی او آفس پرحملے کے علاوہ پولیس اہلکاروں سمیت اعلیٰ شخصیات کا ٹارگٹ بھی ہمارے منصوبے میں شامل تھا۔ اس کے علاوہ سی سی پی اوآفس پر پہلے خودکش حملہ اور بارود سے بھری دو گاڑیوں کو ٹکرانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پولیس تھانوں، سرکاری عمارتوں کی سیکورٹی سخت کردی۔