پاکستان میں یوم دستور منایا گیا، متفقہ آئین دینا بھٹو کا اعزاز ہے: ایاز صادق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان میں گزشتہ روز یوم دستور منایا گیا۔ اس موقع پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران سپیکر سردار ایاز صادق نے پوری قوم اور ارکان پارلیمان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ 42 سال قبل عوام کی منتخب کردہ جمہوری قیادت نے قوم کو ایک متفقہ آئین کا تحفہ دیا۔ بحیثیت ممبر پارلیمنٹ آئین کی کتاب کے ہر لفظ کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ بحیثیت ممبر پارلیمنٹ یہی ہمارا حلف اور قوم سے کیا گیا وعدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ متفقہ آئین ہمیں ایک قوم کے طور پر متحد رہنے اور وفاقی اکائیوں کو امن و آشتی اور خودمختاری کے ساتھ اکٹھا رہنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ یہ آئین مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے باہمی احترام اور آزادی، سماجی انصاف اور مساوات کا تحفظ کرتی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سپیکر نے کہا کہ 1973ء کا آئین 42 سال سے نافذ ہے۔ سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے پاکستان کو پہلا مستقل اور متفقہ آئین دیا۔