کنٹونمنٹس بورڈ الیکشن: 15 امیدوار بلامقابلہ منتخب، 3 کا تعلق تحریک انصاف مسلم لیگ (ن) کا ایک امیدوار شامل
لاہور، مری، کوئٹہ (صباح نیوز)کنٹونمنٹ بورڈز میں 25 اپریل کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ پندرہ امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے۔ تین کا تعلق تحریک انصاف، دو کا ایم کیو ایم ، ایک مسلم لیگ ن اور 9 آزاد امیدوار شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے کنٹونمٹ بورڈز میں 25 اپریل کو بلدیاتی الیکشن ہوں گے۔ گزشتہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری دن درجنوں امیداروں نے کاغذات واپس لے لئے۔ آج حتمی فہرستیں آویزاں اور انتخابی نشانات الاٹ ہوں گے۔ لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کی 10 نشستوں سے 22 امیدواروں نے کاغذات واپس لے لئے جبکہ 85 امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔ والٹن کنٹونمنٹ بورڈ سے 17 امیدواروں نے کاغذات واپس لے لئے، اب 118 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ حیدر آباد کنٹونمنٹ بورڈ کی 2 وارڈ ز میں ایم کیو ایم کے امیدواروں کے مقابلے میں کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔ کوئٹہ کے 5 وارڈز میں 46 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ 7 کے مسترد ہو گئے۔ ملتان کی 10 وارڈز میں سے 3 پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے جن میں مسلم لیگ (ن) کے طارق نیاز ، تحریک انصاف کے فضل حسین ،آزاد امیدوار ضیغم ملک شامل ہیں۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور کھاریاں بورڈز کی 17 وارڈز میں 150 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ مری سے پی ٹی آئی کے خلیل ملک بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔ آزاد حیثیت میں منتخب امیدواروں میں منگلا سے محمد ریاست، ایبٹ آباد سے محمد بشیر ،چراٹ سے محمد فاروق اور عامر حسین ، پنوں عاقل سے علی بخش مہر اور خان محمد بروہی ، ژوب سے فتح محمد اور جمعہ خان شامل ہیں۔