• news

پاکستان سٹیٹ آئل نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ ظاہر کردیا

کراچی (آن لائن) آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی کے بعد پاکستان سٹیٹ آئل نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایس او نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پی این ایس سی کی جانب سے جہازوں کی فراہمی میں مسلسل تاخیر کی جارہی ہے۔ اس سے نہ صرف درآمد میں تعطل آرہا ہے بلکہ پورٹ قاسم پر جہازوں کی بیک وقت آمد سے جہازوں کے جیٹی تک آنے میں دشواری کا بھی سامنا ہے۔ جہازوں کی بروقت آف لوڈنگ نہ ہونے سے سپلائرز کی جانب سے 25 لاکھ ڈالر ڈیمریج چارجز کے کلیم آچکے ہیں۔ پی ایس او نے فوری طور پر وزارت پورٹس اینڈ شیپنگ سے معاملے کی جانچ پڑتال کرنے کیلئے کہا ہے۔ واضح رہے چند روز پہلے آئل کمپنیزایڈوائزری کمیٹی نے بھی اسی خدشے کا اظہار کرتے ہوئے بحران سے بچنے کیلئے ایل این جی اور خام تیل لانے والے جہازوں کے شیڈول کو ضروری قرار دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن