• news

کراچی میں انتخابی ریلی پر حملہ‘3 زخمی‘متحدہ نے کرایا‘ جماعت اسلامی کا الزام

کراچی (نیوز رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) جماعت اسلامی نے این اے 246 کراچی کے ضمنی انتخاب کیلئے واٹر پمپ سے ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم نے کی، فیڈرل بی ایریا میں ایم کیو ایم کے کیمپ کے قریب ٹریفک جام ہوگیا۔ جماعت اسلامی کی انتخابی ریلی ٹریفک جام میں پھنس گئی ایم کیو ایم کے کارکنوں نے جماعت اسلامی کی ریلی ٹریفک جام سے نکالنے میں مدد کی۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی کی ریلی لیاقت آباد نمبر10 پہنچی تو وہاں نامعلوم افراد نے ریلی پر ڈنڈوں سے حملہ کردیا۔ ڈنڈا برداروں نے گاڑیوں کے شیشے بھی توڑے اور پتھرائو کیا ایک نجی ٹی وی کے مطابق جماعت اسلامی کی ریلی پر ایم کیو ایم کے کارکنوں نے حملہ کیا پولیس نے پہنچ کر حالات کو کنٹرول میں کیا۔ ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق این اے 246 سے جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم پر حملہ کیا گیا حملے میں راشد نسیم محفوظ رہے، حملہ ایم کیو ایم کے کیمپ سے کیا گیا۔ کراچی سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا نے کہا جماعت اسلامی کے کارکنوں پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ ایم کیو ایم تشدد کی سیاست سے باز رہے ۔ پی ٹی آئی نے جو کہا تھا وہ سچ ثابت ہوگیا ہے تشدد کرنے والے ایم کیو ایم کے لوگ نہیں تو کون ہیں؟ ایم کیو ایم خود کو عسکری ونگ اور تشدد پسند افراد سے علیحدہ کرے اور تشدد کی سیاست سے باز آجائے۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے جماعت اسلامی کی ریلی پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے حملے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔ ایڈیشنل آئی جی سے حملے کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔سراج الحق نے ایم کیو ایم کی جانب سے ریلی پر حملے کی مذمت کی ہے ‘سراج الحق نے کہا پرامن انتخابی ریلی پر حملہ بدترین غنڈہ گردی اور دہشت گردی ہے حکومت کارکنوں کو سکیورٹی فراہم کرے۔ علاوہ ازیں ریلی پر نامعلوم افراد کی جانب سے الااعظم اسکوائر پر حملہ کردیاگیا 3کارکن زخمی ہوگئے۔ ریلی الاعظم اسکوائر پہنچی تو ریلی پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ نے الزام لگایا ہے جماعت اسلامی کی ریلی میں شامل ڈنڈا بردار روج نے ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید جمیل کے انتخابی کیمپ پر حملہ کیا تھا جس کے سبب ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔ راشد نسیم اور حافظ نعیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ریلی پر حملے کی مذمت کی۔ایم کیو ایم اپنے دہشت گردوں کو لگام نہیں دے رہی۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کومخاطب کرتے مطالبہ کیا وہ ایم کیو ایم کی دہشت گردی رکوا کر صاف و شفاف الیکشن کو یقینی بنائیں۔ کل دوبارہ اسی مقام سے ریلی نکالی جائے گی جبکہ اتوا ر کو جلسہ عام ہوگا۔ پریس کانفرنس سے ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے بھی خطاب کیا۔راشد نسیم نے کہا ہے پُرامن لوگ ہیں پُرامن طریقے سے انتخابی مہم جاری رکھیں گے۔ ایم کیو ایم کو 23 اپریل سے پہلے شکست نظر آ رہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس میں حملے کی مذمت کرتے کہا ہمارے کئی کارکن زخمی اور لاپتہ ہیں۔ راشد نسیم پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، 23 اپریل کے دن کا تعین کرے گا حلقے کے عوام ساتھ ہیں، حکومت سندھ معاملے کا نوٹس لے۔

ای پیپر-دی نیشن