• news

زین کے قتل کی تفتیش سی آئی اے کے سپرد، مصطفی کانجو کی آج عدالت میں پیشی ہو گی

لاہور (سٹاف رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے) جنوبی چھائونی کے علاقہ میں 14سالہ طالب علم زین رئوف کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار سابق وزیر مملکت صدیق کانجو کے بیٹے مصطفی کانجو اور دیگر ملزموں کو ریمانڈ پورا ہونے پر آج دوبارہ خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ دوسری جانب مصطفی صدیق کانجو کیس کی تفتیش سی آئی اے کوتوالی کے سپرد کر دی گئی ہے۔ ڈی ایس پی سی آئی اے خالد ابوبکر نے کہا ہے کہ کیس کی تفتیش نئے سرے سے شروع کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے لاہور کے علاقہ کیولری گرائونڈ میں مصطفی کانجو کی فائرنگ سے 14سالہ طالب علم زین جو اپنی بیوہ ماں 2بہنوں کا واحد سہارا تھا جاں بحق جبکہ اسکا دوست حسین زخمی ہو گیا تھا۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے ملزم کو 8روزہ جسمانی ریمانڈ پر جنوبی چھائونی پولیس کے حوالے کیا تھا پولیس حکام نے سرکاری وکلا سے مشاورت مکمل کرلی ہے جس کے بعد مصطفی کانجو سمیت دیگر ملزموںکو آج ریمانڈ مکمل ہونے پر دوبارہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ پولیس فاضل عدالت سے ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن