ہائیکورٹ کی بڑے گھروں پر لگژری ٹیکس عائد کرنے کیخلاف درخواستوں کی سماعت کیلئے لارجر بنچ بنانے کی سفارش
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ کے جسٹس سہیل اقبال بھٹی نے 2کنال سے بڑے گھروں پر لگژری ٹیکس عائدکرنے کے خلاف درخواستوں کی سماعت کیلئے لارجر بنچ بنانے کی سفارش کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ میں سو سے زائد درخواست گزاروں نے مئوقف اختیار کیا تھا کہ پنجاب حکومت 2کنال سے بڑے گھروں پر لگژری ٹیکس وصول کر رہی ہے جب کہ پہلے ہی پراپرٹی ٹیکس کی مد میں ادائیگی کر رہے ہیں۔ کسی ایک چیز پر دو بار ٹیکس وصول نہیں کیا جا سکتا۔ فنانس بل کے ذریعے بھی ٹیکس عائد نہیں کیا جا سکتا۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ ٹیکس عائد کرنا کے اختیار صرف پارلیمنٹ کو ہے۔ صوبے شہریوں پر ٹیکس نہیں لگا سکتے۔ لٰہذا لگژری ٹیکس کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ جسٹس سہیل اقبال بھٹی نے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجواتے ہوئے قرار دیا کہ درخواستوں میں اہم آئینی و قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں لٰہذا ان درخواستوں کی سماعت کیلئے لارجر بنچ بنانے کی سفارش کردی۔