پاکستانی طلبہ کا اعزاز، بہاولنگر کے کاشف فرید اور حمنہ راشد نے بین الاقوامی تعلیمی مقابلے میں سلور اور برائونز میڈل جیت لئے
بہاولنگر (نمائندہ نوائے وقت) پاکستانی طلباء ذہانت کے اعتبار سے پوری دنیا میں منفرد مقام کے حامل ہیں، بین الاقوامی تعلیمی مقابلہ میں بہاولنگرکی درسگاہ سپرنگ ٹائیڈ سے تعلق رکھنے والے آٹھویں جماعت کے کاشف فرید نے سلور میڈل جبکہ چوتھی جماعت کی حمنہ راشد نے برائونز میڈل حاصل کرکے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا۔ بین الاقوامی سطح پر ہونے والے اس تعلیمی مقابلہ میں دنیا بھر سے 52 ہزارطلباء وطالبات نے حاصل لیا جس میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے 7 ہزار طلبا جن میں سے 68کا تعلق بہاولنگر سے تھا، شریک ہوئے۔ واضح رہے اس مقابلے میں پاکستان کو پہلی بار مدعوکیا گیا جس میں کاشف فرید اور حمنہ راشد نے میڈل اپنے نام کرتے ہوئے نہ صرف اپنے ادارے کا نام روشن کیا بلکہ پاکستان کوبھی پوری دنیا میں نمایاں کیا۔ انہوں نے مقابلہ میں 7 ویں اور8 ویں پوزیشن حاصل کی۔