واہنڈو: ایک لاکھ روپے کا تنازعہ، کمسن بھتیجے کو قتل کرکے نعش دفن کردی
واہنڈو + کامونکے (نامہ نگاران) ایک لاکھ روپے کے تنازعہ پر درندہ صفت شخص نے 8 سالہ سگے بھتیجے کو اغواء کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور نعش زمین میں دبا دی۔ پولیس نے شک پڑنے پر تفتیش کی تو ملزم نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے نعش برآمد کروا دی۔ ماڑی ٹھاکراں کے بابر مسیح اور اُسکے بڑے بھائی ملزم ذیشان مسیح کے درمیان ایک لاکھ روپے کے لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا جس پر دونوں بھائیوں میں متعدد مرتبہ جھگڑا ہوا۔ گذشتہ روز بابر مسیح کا 8 سالہ بیٹا ارمان سکول گیا اور واپس نہیں آیا۔ گھر والے سارا دن اُسے تلاش کرتے رہے لیکن کوئی سراغ نہ ملا جس پر اُنہوں نے پولیس کو اطلاع کی، پولیس نے ملزم ذیشان عرف شانا کی مشکوک حرکات کی وجہ سے اُسے حراست میں لیکر پوچھ گچھ کی تو ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ اُس سکول میں خاکروب ہے۔ سکول سے چھٹی کے بعد اُس نے بہانے سے اپنے بھتیجے کو روک لیا اور گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد اُسکی نعش گڑھا کھود کر سکول کے صحن میں چھپا دی۔ صدر پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے نعش کا پوسٹ مارٹم کرواکر ورثا کے حوالے کردی ہے۔