شریف برادران یمن کے حوالے سے معاملات پہلے ہی طے کر چکے ہیں: پرویز الٰہی
گجرات (نامہ نگار) سابق ڈپٹی وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ یمن کے حوالے سے تمام معاملات شریف برادران پہلے ہی سعودی عرب جا کر طے کر چکے ہیں کیونکہ انکے کاروبار وہاں ہیں اور انہیں دوبارہ واپس وہیں ہی جانا ہے تاہم سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور حمایت اور امداد کی ہے اب اگر سعودی عرب کو ہماری ضرورت پڑی ہے تو ہمارا فرض بنتا ہے کہ اس کی غیر مشروط مدد اور حمایت کا اعلان کریں۔ وہ گجرات کے سینئر صحافی طفیل میر، صدر پریس کلب عبدالستار مرزا، حسام الدین کرامت سے اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت زیادہ دیر تک چلتی نظر نہیں آ رہی، عوام انکی پالیسیوں سے اُکتا چکے ہیں، یہ لوگوں کی توقعات پر پورا نہیں اُتر سکے، انکا اصل ٹھکانہ جدہ ہی ہے جہاں وہ جانے والے ہیں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ہوتے ہوئے بلدیاتی الیکشن ہو سکتے ہیں اور نہ ہی اختیارات کسی صورت نچلی سطح تک منتقل ہونگے۔