کئی شہروں میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری‘ پانی بھی نایاب‘شہریوں کو مشکلات
لاہور (نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگارکے مطابق ننکانہ اور گردونواح میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ، شدید گرمی اور مچھروں کے باعث عوام کی راتوں کی نیندیں حرام ہوگئیں۔ ننکانہ شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14 جبکہ دیہات میں 16گھنٹے سے بھی تجاوز کرجانے کے باعث عوام کے کاروبار بری طرح مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں۔ ایک گھنٹہ بجلی آنے کے بعد مسلسل تین، تین گھنٹے بجلی بند رہنے سے عوام کی راتوں کی نیندیں حرام ہوگئیں۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے صحافیوں کو بتایا ابھی تو گرمی ٹھیک طرح سے شروع بھی نہیں ہوئی اور ننکانہ صاحب میں لوڈ شیڈنگ کا یہ حال ہے۔ شہریوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے وہ ننکانہ صاحب میں جاری بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا فی الفور نوٹس لیتے بجلی کی سپلائی کی یقینی بنائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ لوگ جمعۃ المبارک کی نماز کی ادائیگی سے بھی رہ گئے یہاں طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے گھروں میں پانی دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے غسل نہ کر سکے مساجد میں وضو کیلئے پانی بھی نہ مل سکا اس جدید ٹیکنالوجی کے دور میں لوگوں نے تیمیم کر کے نماز ادا کی ستم ظریفی ملاحظہ ہو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ موسم گرما شروع ہونے سے قبل ہی 14تا 16گھنٹہ کی جارہی ہے مختلف تنظیموں کی جانب سے لوڈ شیڈنگ شیڈول کے مطابق کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹے سے تجاوز، شہری ایک بار پھر حکمرانوں کو کوسنے لگے۔