• news

پنجاب سیف سٹی اتھارٹی بنانے کا فیصلہ، عوام کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے: شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جارہا ہے۔ امن عامہ کے حوالے سے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں فرائض سرانجام دیں۔ سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ سیف سٹی پراجیکٹ امن عامہ کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ اربوں روپے کی لاگت کے اس منصوبے پر تیزرفتاری سے کام کیا جائے۔ سیف سٹی کا منصوبہ لاہور کے ساتھ ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی شروع کیا جائے گا۔ شہبازشریف اعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال، سکیورٹی انتظامات اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانیوالے اقدامات پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی بنانے کابھی فیصلہ کیا گیا اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کیے جانیوالے انسداد دہشت گردی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف ہر محاذ پرفیصلہ کن جنگ لڑی جارہی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں فوری اور موثر اقدامات اٹھا ئے جارہے ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کا متفقہ فارمولا ہے اور اس پر موثر عملدرآمد کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ سیف سٹی کا منصوبہ امن عامہ کے حوالے سے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی بنانے کیلئے فوری طورپر مسودہ قانون تیار کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ لاؤڈ سپیکر پر پابندی کے قانون، مذہبی منافرت پھیلانے والے لٹریچر کی تقسیم و اشاعت اور وال چاکنگ کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کو ویجیٹیبل آئل اور گھی کی سستے داموں فراہمی یقینی بنانے کیلئے تسلسل کے ساتھ انتظامی اقدامات جاری رکھے جائیں۔ کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، عوام کو سستے داموں معیاری ویجیٹیبل آئل اور گھی کی فراہمی کیلئے موثر مانیٹرنگ کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ویجیٹیبل آئل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے عوام کو پہنچا ہے۔ شہباز شریف سے چیف آف دی ائیر سٹاف ائیرچیف مارشل سہیل امان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ امور پر بات چیت کی گئی۔ شہبازشریف نے معروف عالم دین و دانشور قاضی محمد کفایت اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن