پاکستان کے اہم مسائل
مکرمی! پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے اور ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے دن دگنی رات چوگنی ترقی کر رہا ہے ہمارا ملک پاکستان ترقی پذیر ہونے کے باوجود بہت سے مسائل میں گھرا پڑا ہے مثلاً بے روزگاری، مہنگائی، صاف پانی کی قلت، بجلی کی لوڈشیڈنگ، دہشت گردی، کرپشن، گیس کی لوڈشیڈنگ وغیرہ اور دن بدن ان مسائل کی شرح میں خوفناک حد تک اضافہ ہوتا جا رہا ہے پاکستان کی آبادی تقریباً اٹھارہ کروڑ سے زائد ہے جس میں ایک کثیر تعداد بے روزگاری کا شکار ہے ایک اندازے کے مطابق ہمارے ملک میں چار کروڑ سے زائد افراد بے روزگار ہے مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے آئے دن اشیاء خوردونوش گھی، چاول، آٹا وغیرہ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خوفناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی مزید مشکلات میں پڑ گئی ہے ہمارے ملک کو پانی کی قلت کا سامنا ہے اور صاف پانی کا میسر ہونا ایک خواب سا لگتا ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے جہاں عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دیا ہے وہاں اس سے وابستہ کاروبار مکمل طور پر تباہ ہوتا نظر آتا ہے دہشت گردی ہمارے ملک کا ایک اہم مسئلہ ہے ان تمام مسائل کی وجہ ہمارے ملک کا گلا سڑا بوسیدہ نظام ہے جس کا شکار ہم نہ چاہتے بھی بن چکے ہیں حکومت اور ذمہ دار اداروں کو چاہیے کہ وہ ان تمام مسائل کے حل کیلئے بہتر اقدامات اٹھائیں تاکہ بے روزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ ہو اور لوگ خود کشیوں کی بجائے اپنی زندگی آسانی سے بسر کر سکیں۔ (حمائل محمود: شعبہ ابلاغیات گورنمنٹ ایم اے او کالج، لاہور)