افغانستان میں داعش کے جنگجوئوں نے این جی او کے مغوی 5 کارکنوں کو قتل کر دیا
کابل (اے پی پی+ رائٹرز) جنوبی افغانستان میں غیر ملکی تنظیم کے پانچ کارکنوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ صوبہ میدان وردگ میں عسکریت پسندوں کے حملے میں ضلعی ایڈمنسٹریٹر ہلاک ہوگئے۔ صوبہ ارزگان کے گورنر امان اللہ تیموری نے بتایا کہ داعش نے غیر سرکاری تنظیم سیو دی چلڈرن کے کارکنوں سمیت 30 افراد کو اغواء کر لیا تھا اور اس کے بدلے میں12 قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز مغویوں میں سے پانچ کو ہلاک کردیا گیا جن میں سے چار کا تعلق صوبہ زابل سے ہے۔ مغویوں کی رہائی کیلئے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے اور اس ضمن میں قبائلی جرگے کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ دوسری جانب صوبہ میدان وردگ میں عسکریت پسندوں نے فائرنگ کرکے ضلعی ایڈمنسٹریٹرمالیات کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ حکام کے مطابق یہ حملہ ضلع میدان شاہ میں کیا گیا۔ حملے میں ضلعی ایڈمنسٹریٹر پیر محمد کوچی ہلاک ہوگئے۔ ہرات میں سکول کے باہر زہریلے دانے کھانے والے 100 طلباء کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا، عمریں10سے 17برس کے درمیان ہیں، انکوائری شروع کردی گئی، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس چیف عبدالجبار روزی نے میڈیا کو بتایا ریڑھی والے نے بچوں کو کہا جویہ دانے کھائے گا امتحان میں اس کی کامیابی ہو گی۔