• news

کراچی میں متحدہ جیت جائیگی: تحریک انصاف کو پھر استعمال کیا جا رہا ہے: جاوید ہاشمی

ملتان (نوائے وقت رپورٹ) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ این اے 246کراچی سے ایم کیو ایم سیٹ نکال لے گی۔ دوسرا نمبر شاید جماعت اسلامی کا ہو۔ تحریک انصاف کو ایک بار پھر استعمال کیا جا رہا ہے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان نے وعدہ خلافی کی۔ان کے روئیے پر افسوس ہے۔ تحریک انصاف کی اسمبلیوں میں واپسی آئین کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ عمران خان سے کہتا رہا کہ استعفیٰ نہ دیں۔ عمران خان یہ نہیں کہہ سکتے کہ ان کی پارٹی نے اسمبلی سے استعفیٰ نہیں دئیے۔ عمران نے میرے سامنے استعفوں پر دستخط کئے تھے۔ سپیکر کی رولنگ نہیں، آئین حرف آخر ہوتا ہے۔ عمران کو کوئی عدالت تحفظ فراہم نہیں کر سکتی۔ سپیکر اگر استعفوں کو منظور نہیں کرتے تو انہیں بھی قانونی خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ (ن) لیگ کی خواہش تھی کہ تحریک انصاف اسمبلی سے نکل جائے۔ دھاندلی کی باتیں صرف سنی سنائی ہیں، کسی ایک حلقے میں دھاندلی ثابت نہیں کرسکے۔
جاوید ہاشمی

ای پیپر-دی نیشن