جوہری پروگرام پر معاہدہ کے بعد ایران پر تمام عالمی پابندیاں ختم کی جائیں: علی خامنہ ای
تہران (اے پی پی) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری پروگرام کے تنازعے پر حتمی معاہدہ کے بعد ان کے ملک پر عائد تمام بین الاقوامی پابندیاں ختم کردی جائیں، اس حوالے سے امریکہ کے شیطانی ارادے ہیں۔ ایران کے سرکاری ٹیلی وژن سے نشر کی گئی ایک تقریر میں علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ انھوں نے ایران اور چھ بڑی طاقتوں کے درمیان گذشتہ ہفتے طے پائے عبوری سمجھوتے کی حمایت کی ہے اور نہ ہی اسے مسترد کیا ہے۔ اس کی تفصیل ہی فیصلہ کن ہوگی۔ سوئٹزر لینڈ کے شہر لوزین میں ایران اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک اور جرمنی کے درمیان طے پائے فریم ورک سمجھوتے پر ان کا یہ پہلا ردعمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس نے مذاکرات ختم ہونے کے چند گھنٹے کے بعد ہی ایک بیان جاری کردیا تھا۔اس کو انھوں نے فیکٹ شیٹ کا نام دیا تھا اور یہ بہت سے ایشوز کے حوالے سے غلط تھا۔