کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابی مہم تیز کی جائے: عمران کی پارٹی قائدین کو ہدایت
لاہور (آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی قائدین کو کنٹونمنٹ بورڈز انتخابی مہم مزید تیز کرنے اور موثر بنانے کی ہدایت کردی‘ مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی کارنر مٹینگز کی رفتار کو تیزکر دیا جبکہ انتخابی امیدواروں نے پو لنگ کے دن قر یب آتے ہی اپنے سپورٹرز اور ووٹرز کی ’’خوشامد‘‘ اور انکے کیلئے پُرتکلف کھانوں کی فراہمی شروع کر دی۔ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق عمران خان نے پنجاب اور لاہور کی تنظیم کو ہدایت کی ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے اور اسکے لئے انتخابی مہم کو مزید تیز اور موثر بنایا جائے جبکہ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) نے بھی اپنے امیدواروں کی کامیابی کیلئے سرگرم ہو چکی ہے مسلم لیگ (ن)کے ارکان اسمبلی بھی بھرپورسیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ علاوہ ازیں لاہور میں والٹن اور کینٹ کی وارڈز سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار اپنا سارا وقت انتخابی مہم چلا رہے ہیں، مختلف امیدواروں کی طرف سے ووٹرز کے اعزاز میں پُرتکلف ناشتہ اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء بھی فر اہم کر رہے ہیں جسکی وجہ سے انتخابی امیدواروں کے دفاترمیں ہر وقت رونق نظر آرہی ہے ۔