وزیر داخلہ کا متحدہ عرب امارات کے وزیر کے بیان پر سخت ردعمل، عالمی میڈیا نے بھی نمایاں کوریج دی
لندن/ واشنگٹن/ نئی دہلی (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے یو اے ای کے وزیر کے بیان پر سخت رد عمل کو ملکی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر زبردست پذیرائی ملی اور پاکستانی عوام نے غیر ملکی وزیر کے دھمکی آمیز بیان پر سخت ردعمل کو خوب سراہا۔ وزیر داخلہ کا دھمکی آمیز بیان پر جونہی ردعمل سامنے آیا تو اسے نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی میڈیا نے بھی فوری طور پر نشر کیا اور سوشل میڈیا پر یہ بیان موضوع بحث بن گیا۔ پاکستانی عوام نے چوہدری نثار کو جرات مند اور غیرت مند پاکستانی کا خطاب دیتے ہوئے اپنے تبصروں میں ان کے بیان پر خوشی کا اظہار کیا جبکہ تجزیہ کاروں نے اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کے وزیر کے بیان پر سخت ردعمل کی بجائے یہ معاملہ دفتر خارجہ کے ذریعے سفارتی سطح پر اٹھایا جانا چاہیے تھا اور محتاط لب و لہجہ مناسب رہتا۔