الطاف صاحب ’’جی تھری‘‘ کا دور ختم، تھری جی کا آ گیا، عزت اسی میں ہے امیدوار دستبردار کر ا لیں: سراج الحق
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی شہر نے الطاف حسین اور اس کے ٹولے کو کیا کچھ نہیں دیا لیکن بدلے میں کراچی کو قتل و غارت اور بھتہ خوری ملی۔ کراچی نے الطاف حسین ٹولے کو ووٹ دیکر ایوانوں تک پہنچایا، محبت کے بدلے کراچی کو دہشت گردی کا تحفہ دیا گیا، آج شہر اجمل پہاڑی، صولت مرزا اور فیصل موٹا کے نام سے جانا جاتا ہے۔کراچی شہر تو مولانا شاہ احمد نورانی، پروفیسر غفور کے نام سے مشہور تھا۔ 23اپریل کو عوام نے راشد نسیم اور اجمل پہاڑی کے درمیان فیصلہ کرنا ہے۔ جبر کا خاتمہ ہونے والا ہے، کراچی کی خوشحالی پاکستان کی ضرورت ہے۔ محبت کا پیغام لائے ہیں۔ اندھیروں کا دور ختم ہونے والا ہے، الطاف صاحب ’’جی تھری‘‘ کا زمانہ ختم تھری جی کا زمانہ ہے۔ الطاف حسین نے کہا چھاپے کی رات اِدھر اُدھر ہو جاتے تو بدنامی نہ ہوتی۔ ان کی عزت اسی میں ہے اپنے امیدوار کو دستبردار کرا لیں۔ اس حلقے میں ٹھپے لگائے گئے، نبیل گبول نے بھی اعتراف کر لیا۔ 23اپریل سیکٹر انچارج کی بدمعاشی کے خاتمے کا دن ہے، 23اپریل کو لاٹھیاں اور پتھر کام نہیں آئیں گے، پتھر اور ڈنڈے برسانا شکست کی علامت ہے، سیکٹر انچارج کی، غنڈہ گردی کی سیاست نہیں چلے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ سے پوچھتا ہوں کہ وہ کبھی جاگتے بھی ہیں ٹارگٹ کلرز کو سرکاری تنخواہیں مل رہی ہیں۔جو درود و سلام کو سننا نہیں چاہتے ان کو امریکہ اور لندن جانا چاہئے، عوام 23 اپریل کو ووٹ ڈالنے پولنگ سٹیشنز پر جائیں اور تمام مظالم کا بدلہ چکائیں، عوامی دور میں غریبوں کو دال، آٹا، چینی پر سبسڈی دیں گے،23اپریل یوم حساب ہے اس مرتبہ امریکہ اور برطانیہ شکست سے نہیں بچا پائیں گے۔ قبل ازیں ایک انٹرویو میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ایوانوں میں بیٹھنے والے سینیٹرز اور وزراء ان ہی پانچ سو افراد کا نام نظام ہے۔ سندھ میں وڈیرے، پنجاب جاگیردار، بلوچستان سردار اور خیبر پی کے میں خان خوانین ہیں جنہوں نے پورے معاشرے کو جکڑ رکھا ہے۔ سیاسی شعور پیدا کرنا ہو گا تاکہ لوگ آزاد ہوں۔ ملکی حالات کی خرابی کی ذمہ دار حکومتوں کی ناقص پالیسیاں ہیں۔ چاہتے ہیں موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے اور شہید نہ ہو۔ این اے 246میں عائشہ منزل پر جلسہ سے خطاب میں جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم نے کہا کہ عزت اور ذلت صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ کراچی کے عوام کی خدمت کی۔ جوڈیشل کمشن کا کریڈٹ سراج الحق کو جاتا ہے لیکن تحریک انصاف نے اسمبلی میں جاکر سراج الحق کا شکریہ ادا نہیں کیا۔ جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی کی آزادی کا وقت آ گیا ہے۔ عوام نے آج کا جلسہ کامیاب نہیں کرایا بلکہ الیکشن جتوا دیا ہے۔