فرانس کا بھارت میں مال بردار طیارے بنانے کا اعلان، سیٹلائٹ، ہیلی کاپٹر تیار کرنے پر بھی آمادہ
پیرس (صباح نیوز) فرانس کے دورے پر گئے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شہر تولوز میں یورپی طیارہ ساز کنسورشیم ایئر بس کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایئربس نے بھارت میں مال بردار فوجی طیارے بنانے کا وعدہ کیا۔ نریندر مودی نے ایئر بس کے صدر دفاتر میں اس کمپنی کے سربراہ ٹام اینڈرز کے ساتھ ایک ملاقات میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بعدازاں ایئربس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گہا ایئر بس کی خواہش ہے کہ وہ اپنی مختلف مصنوعات کی تیاری میں بھارت کے کردار میں مزید اضافہ کرے۔ ایئر بس نے وعدہ کیا کہ یہ کئی ملکی یورپی کنسورشیم اس امر کا جائزہ لے رہا ہے کہ اپنے فوجی مال برداری کے لئے استعمال ہونے والے ہوائی جہازوں کی حتمی اسمبلی لائن بھارت میں قائم کرے اور ہوائی جہازوں میں استعمال ہونے والے الیکٹرانک سنسر بھی بھارت ہی میں تیار کئے جائیں۔ ایئربس نے بھارت میں پہلے ہی اپنا ایک سول ایوی ایشن انجینئرنگ سینٹر، ایک ڈیفنس انجینئرنگ سینٹر اور ایک ریسرچ ڈویژن قائم کر رکھے ہیں۔ ان اداروں میں قریباً 400 افراد کام کرتے ہیں۔ ایئر بس کی طرف سے کہا گیا کہ یہ کمپنی بھارت میں اپنے سیٹلائٹ اور ہیلی کاپٹر تیار کرنے پر بھی آمادہ ہے۔ بھارت میں ایئر بس کی کاروباری مصروفیات بھی کافی زیادہ ہیں۔ گزشتہ برس اس کمپنی نے اپنے کارخانوں میں استعمال کے لیے مختلف بھارتی کمپنیوں سے قریب 400 ملین ڈالر مالیت کی مصنوعات اور پرزے خریدے تھے۔ طیارہ ساز کمپنی کے مطابق اسے امید ہے کہ بھارت سے اسے ملنے والے آرڈر مستقبل میں اور زیادہ ہو جائیں گے۔ نریندر مودی نے فرانسیسی شہر لِل Lille میں پہلی عالمی جنگ کی ایک یادگار کا دورہ کیا۔