• news

حافظ آباد: ڈاکوئوں کی فائرنگ ، ویگن بے قابو ہو کر ٹرک سے جا ٹکرائی،5 افراد جاںبحق

حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ویگن بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہو گئے۔ ڈکیتی کی واردات کیخلاف اہل علاقہ کا مظاہرہ ٹریفک بلاک کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کا رہائشی شیراز تین رقاصائوں اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ویگن پر شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے گوجرانوالہ روڈ پر ڈیرہ شاہ جمال کے قریب ڈاکوئوں نے انکی ویگن کو روکنے کی کوشش کی اور اُن پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے بعد ویگن ڈرائیور نے گاڑی کی سپیڈ بڑھا دی اسی دوران گاڑی بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنیوالے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ کے باعث ویگن میں سوار چار افراداکرم مسیح، اظہر وغیرہ موقع پر ہی دم توڑ گئے زخمیوں کو ریسکیو 1122 نے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شیراز بھی دم توڑ گیا جبکہ تین رقاصائوں تنزیلہ، اُم کلثوم سمیت چار افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ جاں بحق ہونیوالوں کی نعشیں ویگن کے حصے کاٹ کر نکالی گئیں۔ حادثہ میں ایک رقاصہ بھی شدید زخمی ہوئی۔ حادثے کا شکار ہونیوالے افراد کا تعلق لاہور، فیصل آباد سے ہے۔ دوسری جانب کوٹ لدھا کے قریب سینکڑوں دیہاتیوں نے ڈکیتی اور حادثہ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائر نذر آتش کرکے حافظ آباد گوجرانوالہ روڈ کو کئی گھنٹے بلاک کئے رکھا جس سے ہر قسم کی ٹریفک معطل رہی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حادثے کا سبب بننے والے ڈاکوئوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن