• news

الطاف کا ہار نہیں انکی ہار چاہئے، پہلی فلم رومینٹک، کامیڈی ہو گی: ریحام

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے الطاف بھائی کوکچھ دینا ہے تو وہ سٹریٹ چلڈرن اور شوکت خانم کو دیں، مجھے کچھ نہیں چاہئے سب مل گیا ہے‘ این اے 246میں خواتین تبدیلی لائیں گی، اپنی بہنوں کو اس سلسلے میں متحرک کرونگی‘ عمران خان کی وجہ سے مجھے دو بیٹے اور مل گئے ہیں، ماں کے طور پر میری ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں‘ سٹریٹ چلڈرن کی بحالی میری زندگی کا مقصد ہے‘ بطور انسان اور مسلمان ہمارا فرض ہے بے سہارا بچوں کو سہارا دیں‘ خواہش ہے سٹریٹ چلڈرن سکول جائیں‘ نئے خیبر پی کے کیلئے سب کے تعاون کی ضرورت ہے‘ ہم معاشرے کی گندگی کو صاف کرینگے‘ بے سہارا بچوں کو فنی تربیت اور تعلیم فراہم کریں گے۔ وہ یہاں وزیراعلیٰ ہائوس میں انٹرنیشنل سٹریٹ چلڈرن ڈے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں۔ ریحام خان جب تقریب میں شرکت کیلئے پہنچیں تو بچوں نے ان کا استقبال کیا اور گلدستے پیش کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا سٹریٹ چلڈرن کے درمیان آکر خوشی محسوس کررہی ہوں۔ سٹریٹ چلڈرن خود نہیں بنے معاشرے نے انہیں ایسا بنایا ہے‘ بطور انسان اور مسلمان ہمارا فرض ہے بے سہارا بچوں کو سہارا دیں۔ شادی سے پہلے لوگ مجھے صحافی کے طور پر جانتے تھے اب بھابھی کہتے ہیں نیشنل بھابھی بننے پر مجھے فخر ہے۔ دریں اثنا خیبر پی کے حکومت نے ریحام خان کو سٹریٹ چلڈرن کی سفیر مقرر کر دیا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا سویٹ ہوم پراجیکٹ کو ہر صوبے تک لے جانا ہو گا۔ ریحام خان نے فلم بنانے کا اعلان کر دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا میری پہلی فلم رومینٹک کامیڈی ہے میرا تعلق سوات سے ہے اور پہلی فلم سوات سے بنا رہی ہوں۔ میری پہلی فلم پختون روایات کے مطابق ہو گی میں چاہتی ہوں جو فلم بنائوں اس میں پاکستان کا مثبت امیج پیش کروں۔ عالمی برادری کو بتائوں چاہے پاکستان میں گیس اور بجلی نہیں مگر محبت ہے، فیملی کو ہمیشہ سپورٹ کرنا چاہئے، بھابھی ماں کی جگہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کراچی میں جلسہ کے حوالے سے 19اپریل کو ہی بات کروں گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا الطاف حسین کا ہار نہیں ان کی ہار چاہئے۔اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق ایچ نائن میں واقع پاکستان سویٹ ہوم کے دورہ کے موقع پر ریحام خان کمسن بچوں میں گھل مل گئیں۔ وہ دو گھنٹے سے زیادہ دیر تک سویٹ ہوم میں رہیں۔ بچوں کی خوداعتمادی کو ریحام خان نے بہت سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن