• news

شیوسینا نے بھارتی مسلمانوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کا مطالبہ کر دیا

ممبئی (اے پی پی) انتہا پسند ہندو جماعت شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے بھارتی مسلمانوں کو ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ اتوار کو بھارتی ہندو انتہاپسند جماعت شیوسینا کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے پارٹی کے ترجمان اخبار سمنا میں اپنے تحریر کردہ مضمون میں یہ مطالبہ کیا۔ انہوں نے اپنے مضمون میں لکھا کہ ملکی سیاست سے ووٹ بنک کی سیاست کے خاتمہ کیلئے مسلمانوں کو دیا گیا ووٹ دینے کا حق واپس لے لیا جائے۔ رپورٹ کے مطابق شیوسینا کے رہنما نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رہنمائوں اسد الدین اویسی اور اکبر الدین اویسی کو قوم کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ اویسی برادران مسلمانوں کے ووٹ کی سیاست کرکے ملک کیلئے خطرات پیدا کر رہے ہیں۔ شیوسینا کے رہنما کے بیان کی مذمت و مخالفت کرتے ہوئے کانگرس کے رہنما سندیپ ڈکشٹ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ غیرآئینی اقدام ہوگا اسکے خلاف سنجیدہ کارروائی کی جانی چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن