چینی صدر کے دورے میں 10 ہزار میگا واٹ کے توانائی منصوبوں پر دستخط ہونگے: طارق فاطمی
اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ چینی صدر چند روز بعد پاکستان کے دورہ پر پہنچ رہے ہیں۔ ان کے اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 3 دفاعی منصوبوں سمیت بہت سے میگا پروجیکٹس کے معاہدوں پر دستخط ہونگے۔ چین کے ساتھ ایسے بہت بڑے منصوبے طے پاچکے ہیں جن کے بارے میں سن کر قوم کو خوشگوار حیرت ہوگی۔ معاہدوں پر دستخط ہونے کے بعد ترقیاتی کاموں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکو ایک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا چینی صدر کے دورہ کے دوران دس ہزار میگاواٹ سے زائد کے توانائی کے منصوبوں پر دستخط ہوں گے۔ گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ جبکہ گوادر میں ایک عالمی یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم لاہور کراچی موٹروے کا پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں۔ ملک کے بڑے شہروں میںزیر زمین میٹروریل گاڑی چلانے کے لیے منصوبہ زیر غور ہے جس کے پہلے مرحلے میں لاہور، کراچی اس کے بعد دیگر بڑے شہروں میں میٹرو ٹرین کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔