• news

لاہور اورنج لائن ٹرین منصوبہ ٹرانسپورٹ سسٹم میں انقلاب لائے گا: شہباز شریف

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چائنہ ریلویز اور نورینکو انٹرنیشنل چائنہ کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی جس میں لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر تبادلہ خیال ہوا اور لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے حوالے سے اتفاق رائے پایا گیا۔ شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر اتفاق رائے انتہائی خوش آئند ہے۔ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ پاک چین لازوال دوستی کا شاہکار ہوگا۔ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے سے شہریوں کو تیزرفتار، آرام دہ اور باکفایت سفری سہولیات میسر آئیں گی اور یہ منصوبہ ٹرانسپورٹ سسٹم میں ایک انقلاب برپا کردیگا۔ انہوں نے کہا کہ 27 کلومیٹر طویل لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ اعلیٰ معیار، شفافیت اور انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کیا جائیگا۔ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اورمنفرد منصوبہ ہے۔ جدید ترین ٹرانسپورٹ نظام کے حوالے سے یہ انقلابی پراجیکٹ ہے۔ منصوبے کے روٹ پر 26 سٹیشن تعمیر ہوںگے۔ 2 لاکھ سے زائد لوگ اس جدید میٹرو ٹرین پر روزانہ سفر کریں گے۔ منصوبہ پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ منصوبے پر اتفاق رائے پنجاب کی سیاسی و انتظامی ٹیم اور چین کے متعلقہ اداروں کی دن رات محنت کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھی، سمندر سے گہری اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ انہوںنے کہاکہ چین کی متعدد کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں کام کررہی ہیں۔ پاکستان اور چین کے مابین تعاون کی نئی راہیں کھل رہی ہیں اور دونوں ممالک کے معاشی تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی آبادی کے بڑے حصے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر ترقیاتی اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ پاکستان کی خواتین انتہائی باصلاحیت ہیں جو میڈیکل ایجوکیشن، تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بینکنگ، انجینئرنگ اور زندگی کے دیگر شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ پنجاب حکومت نے خواتین کی ترقی، ان کے حقوق کے تحفظ ا ور انہیں معاشی طو رپر مضبوط بنانے کیلئے تاریخ ساز اقدامات اور فیصلے کئے ہیں۔ تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کو فوری انصاف کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی مراکز قائم کرنے کے منصوبے کے تحت پہلا خصوصی مرکز ملتان میں قائم کیا جا رہا ہے۔ ان خصوصی مراکز میں خواتین تمام فرائض سرانجام دیں گی اور ان مراکز پر پولیس، پراسیکیوشن، میڈیکل اور فرانزک کی سہولتیں ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی۔ جنوبی ایشیا میں اپنی نوعیت کا قائم ہونیوالے یہ پہلا اور منفرد مرکز خواتین کی شکایات کے فوری ازالے اور انکی دادرسی کا ذریعہ بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی خواتین ارکان اسمبلی کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ معاشرہ کے ارتقا پرامن معاشرے کی تشکیل اور زندگی کے ہر شعبہ میں خواتین کا کلیدی کردار ہے۔ حصول تعلیم کے بعد خواتین کو گھروں میں بیٹھنے کی بجائے عملی میدان میں آ کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ پنجاب حکومت نے خواتین کو با اختیار بنانے اورانہیں معاشی و سماجی طو رپر مضبوط کرنے کیلئے جو انقلابی اقدامات کئے ہیں وہ یقینا دوررس نتائج کے حامل ہیں۔ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ 15 فیصد تک بڑھا کر خواتین کیلئے سرکاری اداروں میں روزگار کے مواقع بڑھائے گئے ہیں۔ سرکاری ملازمتوں کے حصول کیلئے خواتین کو عمر کی حد میں بھی 3 سال کی خصوصی رعایت دی گئی ہے۔ پنجاب حکومت کے تحت کام کرنیوالے تمام فیصلہ ساز بورڈز اور کمیٹیوں میں خواتین کو 33 فیصد نمائندگی دینے کے فیصلے سے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین فیصلہ سازی کے عمل میں شامل ہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ ڈے کیئر فنڈ کے ذریعے سرکاری اور غیرسرکاری اداروں میں ڈے کئیر سینٹر قائم کئے جا رہے ہیں۔ اسی طرح ملازمت کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کئے جانے کیخلاف تحفظ کا قانون نافذ کردیا گیا ہے۔ خواتین کو وراثتی حق یقینی بنانے کیلئے بھی قانون سازی کی گئی ہے۔ ایسی پالیسیاں وضع کی جائیں گی جن سے خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔ خواتین ارکان اسمبلی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ شہباز شریف نے صوبے کی خواتین کی ترقی اورفلاح کیلئے لائق تحسین اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب حکومت کے خواتین کی ترقی کیلئے کئے گئے تاریخی فیصلے اور انقلابی اقدامات کے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے مثبت اثرات مرتب ہوںگے۔ شہبازشریف نے سابق نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسوکی اہلیہ اور معروف ایوارڈ یافتہ نعت خواں حافظ محمد حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن