اختیارات سے تجاوز، ناجائز چھاپوں پر ایس ایچ او کوٹ لکھپت سمیت 10 اہلکار معطل
لاہور/ کاہنہ (نامہ نگار) ڈی آئی جی آپریشن لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے اختیارات سے تجاوز کرنے، شہریوں کے گھروں میں ناجائز چھاپے مارنے، بدتمیزی، علاقہ میں جرائم پر کنٹرول نہ پاسکنے اور جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرنے پر ایس ایچ او تھانہ کوٹ لکھپت سب انسپکٹر عمران قمر پڈانہ کو 10 اہلکاروں سمیت معطل کرکے انکے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیدیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشن لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف کو کوٹ لکھپت کے علاقے کے رہائشیوں کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہورہیں تھیں کہ ایس ایچ او تھانہ کوٹ لکھپت عمران قمر پڈانہ انکے گھروں میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے چادر اور چار دیواری کا تقدس پال کرتے ہوئے چھاپے مارتا ہے اور شہریوں کیخلاف جھوٹے مقدمات درج اور جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کر تا ہے جس پر ڈی آئی جی آپریشن لاہور نے انکوائری کرائی اور گنہگار ثابت ہونے پر ڈی آئی جی آپریشن لاہور نے ایس ایچ او تھانہ کوٹ لکھپت عمران قمر پڈانہ، اے ایس آئی نواز، اے ایس آئی غضنفر، ایس ایچ او کا کارِ خاص اے ایس آئی امجد، گن مینوں دائود، تنویر، محافظ اہلکاروں قمر، ندیم، خالد، علی احمد اور ڈرائیور فرحت کو معطل کرکے ان کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے ایس ایچ او عمران قمر پڈانہ کو اس سے قبل تھانہ سرور روڈ ایک فوٹوگرافرکو تشدد کا نشانہ بنانے پر معطل کیا گیا تھا مگر وہ سفارش کی بنا پر چند روز بعد ہی پھر ایس ایچ او تعینات ہوگیا ۔ علاوہ ازیں ڈی آئی جی نے انکوائری میں گنہگار ثابت ہونے پرایس ایچ او کاہنہ انسپکٹر شاہد علی کو بھی معطل کردیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشن نے کہا ہے کہ کسی بھی افسر یا اہلکار کو اختیارات سے تجاوز کرنے نہیں دیں گے۔