چیچہ وطنی‘ نارووال‘ راجن پور‘ کوئٹہ میں حادثات‘ 13 افراد جاں بحق‘ 20 زخمی
چیچہ وطنی/ نارووال/ راجن پور(نامہ نگاران+ آن لائن) ٹریفک کے مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق 20 زخمی ہو گئے۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق اوکانوالہ روڈ پر گاؤں44، بارہ ایل کے قریب دو موٹر سائیکلیں آنے سامنے سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں دو افراد محمد یاسین اور وزیر محمد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ یاسمین بی بی اور دو بچیاں 8 سالہ طیبہ اور 2سالہ ایمان فاطمہ شدید زخمی ہو گئیں جنہیں تحصیل ہسپتال منتقل کر دیا گیا، تینوں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے میں متوفی یاسین کا 6 سالہ بیٹا احمد رضا معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق نارووال شکر گڑھ روڈ پر گائوں مسلمانیاں کے قریب دو مال بردار گاڑیاں ڈالہ آپس میں ریس لگا رہی تھیں قیام پور کا محمد عدیل، محمد ارسلان اور علی آباد کے رہائشی سکندر علی، محمد نوید اور محمد تنویر موٹرسائیکلوں پر گائوں سے محنت مزدوری کیلئے نارووال آ رہے تھے کہ مخالف سمت سے ریس لگاتی مال بردار گاڑیوں نے ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں محمد عدیل اور سکندر علی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ محمد ارسلان، محمد نوید اور محمد تنویر شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو ڈسٹر کٹ ہیڈ کواٹرز ہسپتال نارووال منتقل کر دیا۔ راجن پور انڈس ہائی وے پر تیز رفتار مسافر بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکراگئی۔ حادثے کے نتیجے میں6 مسافر جاں بحق ہو گئے۔ مسافر کوچ کراچی سے سوات جارہی تھی۔ حادثے میں 14 افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں کو روجھان ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 7 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔کوئٹہ سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے کیٹل فارم میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے جبکہ چمن کے قریب قلعہ عبداللہ کے علاقے توت اڈا میں ایک اور حادثے میں دو موٹر سائیکلوں میں ٹکرہوئی جس میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔