نااہل حکمرانوں نے یمن کے حساس معاملے پر ثالثی کا قیمتی موقع کھو دیا: طاہرالقادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ اور خارجہ پالیسی سے محروم حکمرانوں نے پاکستان کو بند گلی میں کھڑا کر دیا، موجودہ حکمران سب سے بڑی ستم ظریفی ہیں، یہ نا اہل مزید مسلط رہے تو پاکستان دنیا میںاکیلا رہ جائے گا۔ حکمرانوں نے یمن جیسے انتہائی حساس ایشو پر بیک ڈور ڈپلومیسی کے ذریعے نتیجہ خیز ثالثی کا قیمتی موقع کھو دیا اور جوائنٹ سیشن کا تھیٹر لگا کر برادر اسلامی ملک کو ناراض کیا گیا۔ عاقبت نا اندیش ’’پارلیمانی دانشوروں‘‘ نے مسئلے کا کوئی ٹھوس حل پیش کرنے کی بجائے جلتی پر تیل گرایا اور قوم کو تقسیم کرنے کی مذموم حرکت کی۔ گذشتہ روز عوامی تحریک کے رہنمائوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران انہوں نے اسلامی ممالک کے سکالرز، سیاسی دانشوروں اور سیاسی و سماجی حلقوں سے اپیل کی کہ و ہ امت مسلمہ کو ایک تسبیح میں پرونے کیلئے اور حقیقی معنوں میں امت مسلمہ کو امت واحدہ کے قالب میں ڈھالنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور امت کے اتحاد کو سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھنے سے روکیں۔ یمن کے ایشو پر پاکستان میں گلی محلے کی سطح پر غیر ضروری مباحثہ کروا کر برادر اسلامی ملک سعودی عرب کو متنازعہ بحث کا موضوع بنا یا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے جب یمن کے ایشو پر اپنے بیان میں بڑھک ماری تھی کیا اس وقت اسکا مینڈیٹ انہیں پارلیمنٹ نے دیا تھا؟ اسی بڑھک کا نتیجہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔