قصور، شیخوپورہ کے بجلی گھروں کو ایل این جی فراہمی کا منصوبہ بنایا جائے: اسحق ڈار
اسلام آباد (اے پی پی+ آن لائن) وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وزارت خزانہ ‘ منصوبہ بندی و ترقیات ‘ پانی وبجلی اور پنجاب انرجی ڈیپارٹمنٹ کے حکام کوہدایت کی ہے وہ قصور‘ جھنگ اور شیخوپورہ میں 3600 میگاواٹ کے حامل پاور پلانٹس کو ایل این جی کی فراہمی کیلئے لائحہ عمل ایک ہفتہ میں تیارکریں جس پر فیصلہ ان کی عالمی مالیاتی فنڈ اور ورلڈ بنک کے واشنگٹن میں ہونے والے سپرنگ اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں توانائی اور خزانہ سے متعلقہ وفاقی اور پنجاب حکومتوں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا وزارت پانی وبجلی نے نیپرا سے ان منصوبوں کیلئے ٹیرف کے ریٹس کی منظوری طلب کی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا وفاقی حکومت ایل این جی کی نقل وحمل کیلئے 1100 کلومیٹر نارتھ ساوتھ پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ بنارہی ہے جبکہ موجودہ پائپ لائنوں کی بہتری کیلئے فنانسنگ کے مختلف طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔ سیکرٹری وزارت پانی بجلی نے کہا ان پلانٹس کیلئے ایل این جی کے ساتھ فیول کی دوسری سہولت کے آپشن کو بھی مدنظر رکھا جائے تاکہ ایل این جی کی عدم دستیابی پر یہ پلانٹس متبادل ذرائع سے چلتے رہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈونگ نے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ جس میں چین کے صدر کے متوقع دورہ پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ آئی این پی کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا پاکستانی قوم چینی صدر کے دورہ پاکستان کا بے تابی سے انتظار کر رہی ہے، چینی صدر کا دورہ پاک چین تعلقات کیلئے ایک نیا سنگ میل ثابت ہو گا۔ چینی سفیر نے کہا وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے چینی صدر کے آئندہ دورہ پاکستان کو اہمیت دینے اور دورے کے تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کیلئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آن لائن کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا پاکستان سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کو کسی بھی خطرے کی صورت میں اس کا دفاع کرے گا۔ اْنہوں نے کہا حرمین شریفین کو کسی قسم کا خطرہ ہوا تو پاکستان بھرپور رد عمل ظاہر کرے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی تعلقات ہیں اور اس کی خود مختاری ہمیں بہت عزیز ہے۔