کنٹونمنٹ بورڈز بلدیاتی انتخابات، گہما گہمی بڑھ گئی، دفاتر میں کھانے پینے کا سلسلہ جاری
لاہور (خبرنگار) ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں کی حتمی فہرست اور انتخابی نشان جاری ہوتے ہی الیکشن کی گہما گہمی یکدم بڑھ گئی ہے اور امیدواروں نے انتخابی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ دفاتر پر سیاسی جماعتوں کے جھنڈوں سج گئے ہیں۔ رات گئے تک ان دفاتر میں بزرگوں اور نوجوانوں کی گپ شپ جاری رہتی ہے اور گرما گرم چائے اورکھانے پینے کا سلسلہ چلتا رہتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے انتخابی نشانوں سے مزین حتمی فہرست بھی جاری کردی ہے۔ والٹن اور لاہورکنٹونمنٹ بورڈ کے 20 حلقوں میں 203 امیدوار میدان میں ہیں اور بگل جنگ بج گیا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے مقامی قائدین بھی امیدواروں کے ہمراہ کارنر میٹنگز میں مصروف ہوگئے ہیں۔ اہم اور مرکزی رہنما الیکشن سے چند روز قبل اپنے امیدواروں کی مدد کو پہنچیں گے۔ لاہور کنٹونمنٹ بورڈز کی حدود میں 1998ء کی مردم شماری کے مطابق 5 لاکھ 66 ہزار افراد رہائش پذیر تھے۔ 2013ء میں تخمینہ 8 لاکھ 57 ہزار لگایا گیا تھا جبکہ اب لگ بھگ 10 لاکھ شہری رہائش پذیر ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق والٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں 3 لاکھ سات ہزار 482 ووٹرز میں سے ایک لاکھ 70 ہزار 745 مرد جبکہ ایک لاکھ 36 ہزار 737 خواتین ووٹرز ہیں۔ لاہور کنٹونمنٹ بورڈ میں ایک لاکھ 53 ہزار 510 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 85 ہزار 947 مرد جبکہ 67 ہزار 563 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ دونوں کنٹونمنٹ بورڈز میں ووٹرز کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ لاہور کینٹ میں 94 جبکہ والٹن کنٹونمنٹ میں 196 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔