21 ویں ترمیم کے خاتمہ کی خوشخبری جلد ملے گی، سیکولر نظام نہیں چلنے دینگے: عبدالغفور حیدری
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین اور جے یو آئی (ف) کے سینئر مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ عوام بہت جلد 21 ویں ترمیم کے خاتمے کی خوشخبری سنیں گے۔ جے یو آئی 21 ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کرکے علماء اور عوام کی ترجمانی کی۔ اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں سیکولر نظام نہیں چلنے دیا جائیگا۔ حکمرانوں کو اسلام کا نام لینے سے کیوں تکلیف ہوتی ہے۔ وہ جامع مسجد محمد رسول اﷲ لیاقت کالونی چکری روڈ کے افتتاح کے موقع سیرت کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مقامی خطیب اور جمعیت کے رہنما مولانا عبدالغفار توحیدی نے دارالعلوم محمد رسول اﷲ کے قیام کا اعلان کیا۔ عبدالغفور حیدری نے کہا 21 ویں ترمیم علماء مساجد‘ مدارس اور اسلام کیخلاف سازش ہے۔ علما کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں پارلیمنٹ میں اسلام کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ڈاکٹر احمد علی سراج نے کہا کہ تحفظ حرمین شریفین اور سعودی عرب سے تعاون حکومت اور عوام پر فرض ہے۔