عمران کے وژن کو عملی شکل دینے کیلئے دن رات ایک کر رہے ہیں: پرویز خٹک
پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور وکلا کا ایجنڈا ایک ہے کیونکہ دونوں قانون پر عملدرآمد کے ذریعے عام لوگوں کی تکالیف دور کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی سوچ کے مطابق عوام کی توقعات پر پورا اُترنے کیلئے تبدیلی کے پائیدار اقدامات کے سوا کچھ نہیں کررہی اور اب تک کی اصلاحات سے نظام میں خاطر خواہ تبدیلی آئی ہے جس سے عام لوگوں پر پی ٹی آئی کا وژن واضح ہو رہا ہے جبکہ ہمارے سیاسی مخالفین اب بھی تبدیلی کے وژن کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ڈسٹرکٹ بار شانگلہ کی حلف برداردی کے موقع پر وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ماضی کی حکمران سیاسی پارٹیوںکے قائدین نے قومی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے کیلئے نظام کو کھوکھلا کرکے جو تماشے لگائے ہیں تحریک انصاف ان تماشوں کو ختم کرنے اور عام آدمی کو اسکا حق اور انصاف دینے کیلئے تبدیلی پر کمربستہ ہوئی ہے۔ ہم اداروں میںکرپشن کی بجائے اخلاص اور دیانتداری کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم ہیں۔ بلدیاتی نظام کے ذریعے نچلی ترین سطح پر عوام کو بااختیار بنانے اور تعلیم، صحت اور صنعت جیسے محکموں کو خودمختار بنا کر ان اداروں میں صوبائی حکومت کے کردارکو کم سے کم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جس سے ان اداروں میں حکومت کی سیاسی مداخلت ختم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کی کارکردگی پر نظر رکھنے کیلئے مانیٹرنگ کا جدید اور الیکٹرانک نظام قائم کیا جا رہا ہے جس سے کوئی محکمہ یا اہلکار اپنی کارکردگی پر پر دہ نہیں ڈال سکے گا۔ ہم صوبے میں گپ شپ نہیں کر رہے بلکہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے وژن کو عملی شکل دینے کیلئے دن رات ایک کررہے ہیں اور پارٹی کے چیئرمین نظام کی تبدیلی کے تمام اقدامات کو باقاعدہ طریقے سے مانیٹرکر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کی موجودہ تنخواہوں سے کرپشن ختم کرنا مشکل امر ہے چنانچہ اگلے بجٹ میںگریڈ ایک سے 14 تک سرکاری ملازمین کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے جبکہ بیوروکریسی کی سہولتوں پر اُٹھنے والے بھاری اخراجات ختم کرکے انکی تنخواہوں میں بھاری اضافہ کرنے کے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔