بھائی کے مدمقابل پی ٹی آئی امیدوار کے فوجی رشتہ دار نے کئی گھنٹے پولنگ رکوائے رکھی: رانا تنویر
لاہور(خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ 2013ء کے الیکشن میں دھاندلی کا جائزہ لینے کے لئے جوڈیشل کمشن بن چکا ہے اب منظم دھاندلی کا الزام لگانے والوں کو جوڈیشل کمشن میں ثبوت پیش کرنے چاہئیں۔ الیکشن 2013ء میں کسی ادارے نے منظم دھاندلی نہیں کی البتہ جہاں کسی کا اثر و رسوخ چلا اس نے کام دکھایا۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ انتخابی قوانین میں سقم ہے اس لئے ہی ہم نے انتخابی اصلاحات کے لئے پارلیمانی کمشن بنایا جس میں تحریک انصاف کو اُن کے حصے سے زیادہ نمائندگی دی۔ تحریک انصاف کے امیدوار راحت امان اللہ بھٹی میرے بھائی رانا افضال حسین کے مقابلے میں این اے 131 میں امیدوار تھے۔ ان کے رشتے دار فوج میں تھے ان میں سے کسی کا دبائو انہوں نے استعمال کروایا اور اُن پانچ چھ علاقوں کے پولنگ سٹیشنوں پر مسلسل کئی گھنٹے تک پولنگ بند رکھی گئی جہاں ہمارے حامیوں کی اکثریت تھی۔ میں نے خود الیکشن کمشن اور جی ایچ کیو میں انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کے لئے قائم سیل سے رابطہ کیا کہ پولنگ بحال کروائی جائے۔ ریٹرننگ افسر، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر آئے بھی لیکن ماسوائے تسلی دینے کہ ابھی پولنگ چالو ہوجاتی ہے اور کچھ نہ کرسکے۔ تحریک انصاف کے یہ امیدوار پھر بھی تیسرے نمبر پر آئے اور میرے مقابلے پر تحریک انصاف کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوگئی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم جوڈیشل کمشن میں اس لئے نہیں جائیں گے کہ ہمارے حلقے میں دھاندلی انفرادی فعل تھا تاہم بہتر ہوگا کہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے تحریک انصاف منظم دھاندلی کے ثبوت جوڈیشل کمشن میں پیش کرے۔میڈیا سے گفتگو میں رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ یمن کے معاملہ پر سفارتی تعلقات استعمال کر رہے ہیں تاکہ مسئلے کا حل تلاش کیا جاسکے۔ سرکاری طور پر یو اے ای حکومت کی طرف سے ابھی تک ایسا کوئی بیان نہیں آیا، جب موقف سامنے آئے گا تو اس کا جواب دینگے، عوام اور پارلیمنٹ میں کوئی تضاد نہیں ہے۔ سعودی عرب کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور اس کی ہر طرح کی مدد کی جائے گی۔جوڈیشل کمشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمشن بننے کے بعد عمران خان کو خاموش ہوجانا چاہئے کیونکہ وہ اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک طرف عمران اور ان کی پارٹی اسمبلی میں بیٹھے ہیں جبکہ دوسری طرف موجودہ اسمبلی کو جعلی کہتے ہیں۔ ایک اورسوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر جوڈیشل کمیشن میں انتخابات کے حوالے سے دھاندلی ثابت ہوئی تو وزیر اعظم اسمبلی کو تحلیل کر دیں گے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار و سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ ہمیں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینے اور تحقیق کر نے کی ضرورت ہے، قومی ادار وں نے بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں تاہم ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے شعبہ میں مزیدکام کرنے کی ضرورت ہے۔آئی این پی کے مطابق تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے رانا تنویر کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے انتخابات میں کسی پر بھی کوئی پریشر نہیں ڈالا، جن کے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں وہ جوڈیشل کمشن میں پیش کرے، رانا تنویر کیلئے جوڈیشل کمشن کا راستہ کھلا ہے۔