پنجاب اسمبلی کے سامنے نابینا افراد اور پیرا میڈیکل ملازمین کے دھرنے
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے داخلی دروازے کے سامنے نابینا افراد نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دے کر احتجاج کیا۔ فیصل چوک پر احتجاج کے باعث ٹریفک بلاک ہو گئی، نابینا افراد نے زبردستی پنجاب اسمبلی کے احاطے میں بھی داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس اور اسمبلی سکیورٹی نے مرکزی دروازے کو بند کر کے مظاہرین کو اندر داخل ہونے سے روک دیا، مظاہرین نے بینرز اور کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین حکومت سے وعدوں پر عملدرآمد کے نعرے بھی لگاتے رہے۔ نابینا افراد نے احتجاج شروع کیا تو حکومت سے مذاکرات کرنے والا گروپ بھی وہاں پہنچ گیا اور ساتھیوں کو حکومت سے طے پانے والے معاہدے کے مطابق 7مئی تک کی مہلت دینے کی درخواست کی لیکن مظاہرین اپنے مطالبے پر ڈٹے رہے۔ بعد ازاں نابینا افراد پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر آ گئے اور ہاتھوں کی زنجیر بنا کر اور دھرنا دے کر مال روڈ کو بلاک کر دیا جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار رہے۔ مظاہرین کا کہنا تھاکہ جو لوگ ہمیں احتجاج سے روک رہے ہیں یہ وہ چھ لوگ ہیں جو حکومت سے نوکریاں حاصل کر چکے ہیں جبکہ ہمارے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر اور سپیشل ایجوکیشن کے پاس جاتے ہیں تو کہا جاتا ہے ہم لوگ کچھ نہیں کر سکتے، خاص کر اضلاع کی سطح پر ہمارے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق نابینا افراد نے الزام لگایا وزیراعلیٰ کے احکامات کے باوجود ملازمتیں نہیں مل رہیں۔علاوہ ازیں فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق محکمہ ہیلتھ درجہ چہارم کے ملازمین نے سروس سٹرکچر کی بحالی اور اینٹی ڈینگی فورس ملازمین کو مستقل نہ کرنے پر مظاہرہ کیا۔ ملازمین نے ضلع کونسل چوک سے ہلال احمر چوک تک احتجاجی ریلی نکالی جس میں درجنوں مردوخواتین نے شرکت کی جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا درجہ چہارم کے ملازمین کو سال 2011ء میں ملنے والے سروس سٹرکچر پر تاحال عملدرآمد نہیں کروایا گیا ہے اور ملک کو ڈینگی سے پاک بنانے والی اینٹی ڈینگی فورس کو بھی مستقل نہیں کیا گیا ہے۔
لاہور (نیوز رپورٹر+ نمائندگان) لاہور سمیت کئی شہروں میں پیرامیڈیکس ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں ریلیاں نکالیں اور نعرے لگائے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پنجاب پیرامیڈیکس الائنس اینڈ ہیلتھ سپورٹ سٹاف ایسوسی ایشن کی احتجاجی ریلی کا آغاز جناح ہسپتال سے ہوا جو شیخ زید ہسپتال، پی آئی سی، سروسز ہسپتال سے ہوتی ہوئی سرگنگا رام ہسپتال سے اسمبلی ہال مال روڈ پہنچی۔ دوسری طرف گنگا رام ہسپتال میں پنجاب پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن نے پنجاب پیرا میڈیکس الائنس اینڈ ہیلتھ سپورٹ سٹاف ایسوسی ایشن کیساتھ ملکر ہسپتال انتظامیہ کیخلاف بھرپور احتجاج کیا۔ پرنسپل اور ایم ایس آفس کا گھیرائو کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ مال روڈ پر احتجاجی دھرنا بھی دیا جو 3 گھنٹے جاری رہا۔ گنگا رام ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، ایپکا، وائی ٹی اے نے بھی پیرامیڈیکس کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انکا ساتھ دیا۔ پنجاب پیرا میڈیکس الائنس اینڈ ہیلتھ سپورٹ سٹاف ایسوسی ایشن نے 20 تاریخ کو پنجاب بھر میں دھرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے گنگا رام ہسپتال میں کرپٹ اور نااہل انتظامیہ کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہیگا۔ احتجاجی ریلی کی قیادت صوبائی چیئر مین ملک منیر احمد و دیگر نے کی۔ سانگلہ ہل سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پیرامیڈیکس سٹاف نے اپنے مطالبات کے حق میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں احتجاجی دھر نا دیا اور پر امن احتجاجی ریلی نکالی، ہسپتال مکمل طور پر اور حلقہ بھرکے ہیلتھ سنٹر بند رہے، تاہم ایمرجنسی کھلی رہی، آوٹ ڈور بند ہونے کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ٹی ایچ کیو ہسپتال میںپیرا میڈ یکس سٹاف نے اپنے مطالبات کے حق میں 6 گھنٹے تک احتجاجی دھرنا دیا، ریلی ہسپتال روڈ، تھانہ صدر روڈ، فیصل آباد روڈ، رضا چوک، حمید نظامی روڈ سے گذرتی ہوئی سول ہسپتال پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا ابھی تک پیرا میڈیکس کے چار درجاتی سروس سٹرکچر پر مکمل عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ اس طرح B.O.M ڈیلی ویجز ، کنٹریکٹ، ایڈہاک ڈینگی فورس ملازمین ابھی تک ریگولر نہیں ہوسکے جبکہ ہیلتھ سپورٹ سٹاف درجہ چہارم کا سروس سٹرکچر ابھی تک منظور نہیں کیا گیا جس بنا پر ملازمین سراپا احتجاج ہیں،رضا چوک میںڈویثر نل چیئر مین چوہدری ظہیر احمد بوبک ،نائب صدر ایل ایچ وی ونگ خالدہ رئوف ،نائب صدر سینی ٹیشن ونگ جاوید اقبال دانش و دیگر نے اپنے خطاب میں کہا ہمارے جائز مطالبات دو روز کے اندر پورے نہ ہوئے تو 20 اپریل کو پنجاب بھر کے پیرامیڈ یکس ملازمین وزیر اعلی ہائو س کا گھیرائو کر یں گے، مقررین نے کہا وزیراعلیٰ کے حکم پر صوبہ بھر کے 18 اضلاع میں سروسز سٹریکچر پر عمل ہورہا ہے، مقررین نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پنجاب ہیلتھ سپورٹ سٹاف کا ٹائم سکیل سروس سٹرکچر فوری نافذ کرے، انسداد ڈینگی فورس کو مستقل کیا جائے، ایڈہاک ملازمین مستقل کئے جائیں، لوکل گورنمنٹ پیرا میڈیکس اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف کو ہیلتھ پروفیشنل الائونس دینے سمیت دیگر مطالبات پر فوری عملدرآمد کیا جائے ورنہ ملازمین کا احتجاج مقصد کے حصول تک جاری رہیگا۔ شاہکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق پیرامیڈیکل سٹاف شاہ کوٹ نے اپنے مطالبات کے حق میں تحصیل صدر فہد بندیشہ کی زیرصدارت تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے باہر جی ٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر ہسپتال کے اندر دھرنا دیا۔ علاوہ ازیں ننکانہ/جھنگ سے نامہ نگاران، نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پنجاب پیرامیڈیکس الائنس اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف کے زیراہتمام ننکانہ اور جھنگ میں ملازمین کے مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنے‘ریلیاں نکالیں۔ پنجاب پیرامیڈیکس الائنس اور ہیلتھ سپورٹس سٹاف کے زیراہتمام ضلع ننکانہ سے محکمہ ہیلتھ کے درجنوں ملازمین نے مطالبات کی منظوری کیلئے صبح 8 بجے سے لیکر دوپہر 2 بجے تک ڈسٹرکٹ ہسپتال ننکانہ صاحب کے سامنے بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاجی دھرنا دیا جس کے باعث ایمرجنسی وارڈ کے علاوہ پورا ہسپتال بند رہا اور دوردراز سے آئے ہوئے مریضوں اور انکے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔دھرنے میں موجود ملازمین نے مختلف بینرز اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر 2011ء کے سروس سٹرکچر پر فی الفور عملدرآمد کروانے ہیلتھ سپورٹ ملازمین کو ٹائم سکیل دینے اور ملازمین کو ہیلتھ پروفیشنل الائونس دینے کے بارے میں مختلف نعرے درج تھے۔ بعد ازاں محکمہ ہیلتھ کے ملازمین‘ پیرا میڈیکس الائنس ضلع ننکانہ صاحب کے صدر محمد شفیق گجر، ڈویژنل چیئرمین ظہیر احمد چیئرمین پی پی اے اشفاق باجوہ‘ ملک ظفر اقبال کی قیادت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال سے ریلی نکالی۔ ریلی میں منصور ڈوگر، رانا مسعود، حاجی مشتاق، اشفاق باجوہ، رائو ظفر، قمر حسین ، ندیم شیخ، فہد مقبول، آصف و دیگر نے شرکت کی۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق میڈیکس الائنس اینڈ پنجاب ہیلتھ سپورٹ سٹاف کے زیر اہتمام احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ بعد ازاں دھرنے کے شرکاء نے مطالبات کے حق میں ایک ریلی نکالی جو ڈی ایچ کیو ہسپتال سے شروع ہوکر مین گیٹ ڈی ایچ کیو پر اختتام پذیر ہوئی مظاہرین نے گوجرہ روڈ بلاک کردیا اور مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ۔