• news

عظیم طارق سے کہا تھا ایم کیو ایم نہ چھوڑو مار دئیے جاؤ گے: اسلم بیگ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق آرمی چیف مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ سعودی عرب فوج نہ بھیجنے کا فیصلہ پاک فوج کا ہے کیونکہ ملک میں تمام اہم فیصلے فوج ہی کر رہی ہے۔ ایران اور سعودی عرب کے پاکستان پر احسانات ہیں۔ سعودی عرب کے زیادہ ہیں۔ سعودی عرب کو اندرونی خطرہ ہو تو فوج بھیجنی چاہئے کیونکہ حوثیوں سے سعودی عرب کو خطرہ ہے۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم میں پائی جانیوالی کمزوریاں دور ہوجائیں گی۔ تحریک انصاف ضمنی الیکشن میں این اے 246 سے کامیاب نہیں ہو سکتی۔ ایم کیو ایم ایک سیاسی پارٹی کے طور پر قائم رہے گی۔ ایم کیو ایم کے ٹوٹنے کا مختلف پارٹیاں انتظار کر رہی ہیں۔ ایم کیو ایم قیادت تبدیل ہوگی، ایم کیو ایم کیخلاف اقدامات سے بہت سے انکشافات ہوئے ہیں۔ عمران خان کراچی میں کامیاب نہیں ہو سکتے کیونکہ وہ ہر بات پر یو ٹرن لیتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے عظیم احمد طارق میری پارٹی میں شامل ہونے کیلئے دو بار آئے عظیم طارق کو کہا کہ ایم کیو ایم سے الگ نہ ہو ورنہ مار دیئے جاؤ گے۔ عظیم طارق اعلان کرنے سے پہلے ہی مار دیئے گئے۔ یہ بات درست ہے کہ جنرل ضیاء الحق نے ایم کیو ایم کو بنایا جنرل مشرف نے ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا اور کراچی کو بیس بنایا وہ مکہ لہراتا رہا عمران اور طاہر القادری کے پیچھے مشرف کے حمایتی گروپ اور روشن خیالوں کا ہاتھ تھا۔ عمران جس انگلی کی بات کرتے تھے وہ اندر ہی سے تھی۔ ملک میں مارشل لا کے امکانات زیرو ہیں نوازشریف کی حکومت کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں جنرل راحیل تمام فیصلے کر رہے ہیں اور نوازشریف کو گالیاں پڑ رہی ہیں سعودی عرب فوج بھیجنے کے سوال پر کہا کہ فوج نہ بھجوانے کا فیصلہ فوج نے کیا۔ فوج کراچی‘ وزیرستان میں دہشت گردوں کے پیچھے بھاگ رہی ہے۔ تمام اہم فیصلے فوج کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن