• news

رینجرز کا چھاپہ، آباد کے سابق چیئرمین بابر چغتائی سمیت 3 افراد گرفتار

کراچی ( کرائم رپورٹر+ صباح نیوز) کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں رینجرز کی چھاپہ مار کارروائی ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے سابق چیئرمین بابر چغتائی  سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق بابر چغتائی کے علاوہ  حراست میں لئے گئے دیگر دو افراد میں ڈاکٹر گل حسن اور مجیب صدیقی  شامل ہیں۔ ڈاکٹر گل حسن مبینہ طور پر متحدہ قومی موومنٹ کا سابق عہدیدار جبکہ مجیب صدیقی چائنا کٹنگ کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ آباد کے سابق چیئرمین بابر چغتائی سمیت تینوں افراد کی گرفتاری پہلے سے گرفتار ایک ٹارگٹ کلر  سلطان کی نشاندہی پر عمل میں آئی ہے اور بابر چغتائی پر فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کرنیوالے ملزمان کی مالی مدد کرنے کے علاوہ زمینوں  پر ناجائز قبضے کے الزامات ہیں ذرائع کے مطابق بابر چغتائی کے مبینہ  طور پر لندن میں منی لانڈرنگ کیس میں ملوث  ایم کیو ایم کے رہنما محمد انور کے کراچی میں موجود ایک قریبی رشتہ دارچنوں سے بھی قریبی تعلقات رہے ہیں جو مبینہ طور پر چائنہ کٹنگ اور زمینوں پر ناجائز قبضوں میں ملوث بتایا جاتا ہے۔دوسری طرف ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ بابر چغتائی کی گرفتاری کھلی انتقامی کارروائی ہے۔ بابر چغتائی کو ایم کیو ایم کو چندہ دینے پر گرفتار کیا گیا۔ بابر چغتائی نے کراچی کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کیا کسی بزنس مین کا سیاسی جماعت یا اسکے فلاحی ادارے کو چندہ دینا جرم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن