• news

مسلم لیگ ن کے عہدیدار اگست تک منتخب ہو جائینگے‘ نوازشریف کے پھر صدر بننے کا قوی امکان

لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں کی چار سالہ مدت 22 جولائی کو ختم ہو رہی ہے جبکہ آئندہ چار سالہ مدت کیلئے نئے عہدیداروں کے انتخاب کا عمل اگست تک مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کو آئندہ چار سالہ مدت کیلئے بھی صدر منتخب کئے جانے کے قوی امکانات ہیں۔ اُن سے قبل ایک میعاد کیلئے موجودہ صدر پنجاب و وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بھی مسلم لیگ ن کے صدر رہ چکے ہیں۔ راجہ ظفرالحق چیئرمین اور اقبال ظفر جھگڑا کو بھی آئندہ چار سالہ مدت کیلئے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق پارٹی عہدیداروں کے انتخابات کیلئے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے صوبائی اور ضلعی تنظیموں کے انتخابات میں پرانے چہروں کے علاوہ بہت سے نئے چہرے سامنے آنے کا امکان ہے جبکہ ذیلی تنظیموں کے انتخابات نہیں کروائے جائیں گے۔ مسلم لیگ ن میں ذیلی تنظیموں میں انتخابات نہ کروانے کی روایت سے مسلم لیگ ن کو ماضی میں نقصان پہنچتا رہا ہے اور اس وقت بھی مسلم لیگ ن یوتھ ونگ میں دو دھڑے کام کر رہے ہیں۔ ایک دھڑے کی سربراہی کیپٹن (ر) محمد صفدر کر رہے ہیں جبکہ صوبائی صدر پنجاب چودھری عابد شیرعلی ہیں جبکہ یوتھ ونگ کے دوسرے دھڑے کی کمان سابق صوبائی صدر یوتھ ونگ میاں غلام حسین شاہد کے ہاتھ میں ہے اور اُن کے دھڑے کی باقاعدہ تنظیمیں چاروں صوبوں بالخصوص پنجاب میں کام کر رہی ہیں تاہم دونوں دھڑے وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف سمیت پارٹی قیادت کے تابع فرمان ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن