کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کا منصوبہ صحت کے شعبہ میں سنگ میل ثابت ہو گا: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نالج پارک لاہور میں جنوبی ایشیا کا سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹر بنایا جا رہا ہے۔ منصوبے کیلئے 50ایکڑ اراضی مختص کردی گئی ہے۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹرکے منصوبے کو تیزرفتاری سے مکمل کیا جائے گا اور یہ منصوبہ صحت عامہ کے شعبہ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ گردے اور جگر کے امراض کے حوالے سے مریضوں کو ایک ہی چھت تلے جدید ترین طبی سہولتیں میسر آئیںگی۔ انسٹی ٹیوٹ میں غریب اور نادار مریضوں کا علاج مفت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹر کے منصوبے کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی سرفہرست ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کیلئے اربوں روپے کے وسائل صحت کے ترقیاتی منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ صحت کے شعبہ میں انقلابی نوعیت کی اصلاحات لائی جا رہی ہے۔ ہسپتالوں میں طبی سہولیات کو بہتربنانے پرخصوصی توجہ مرکوزکی گئی ہے۔ صوبے بھر میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ نئے ہسپتال بھی قائم کئے جارہے ہیں۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹرمیںگردے اورجگر کے امراض میں مبتلا افراد کو ایک ہی چھت تلے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ عالمی معیار کے اس ادارے میں بہترین ماحو ل میں مریضوں کو جدیدطبی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔ انسٹی ٹیوٹ چلانے کیلئے خود مختار بورڈ آف گورنرزپہلے ہی تشکیل دیا جاچکا ہے جبکہ ادارے کیلئے پروفیشنل سٹاف بھرتی کیا جائے گا، جسے بیرون ملک سے تربیت دلائی جائے گی۔ منصوبے کو اعلیٰ معیار کے ساتھ تیزی سے مکمل کیا جائے گا اور انسٹی ٹیوٹ میں نرسنگ سکول بھی بنے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقرر مدت میں مکمل کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت زمین میں چھپے قیمتی خزانوں سے استفادہ کرنے کے لئے سنجیدہ کاوشیں کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کالا باغ میں خام لوہے کے ذخائر کے سلسلے میں قابل عمل فنانشل و بزنس ماڈل تیار کیا جائے۔ اس ضمن میں ٹیکنیکل اور فنانشل فزیبلٹی رپورٹ بھی مرتب کی جائے۔ مزید برآں شہبازشریف نے پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان شہباز سینئر کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔