• news

آرمی پبلک سکول پر حملے میں زخمی طالب علم ابراہیم کا علاج برطانیہ میں کرانے کی سفارش،عمران اور پرویز خٹک نے علاج کیلئے وعدے پورے نہیں کئے: والد طالب علم

اسلام آباد/ پشاور (آئی این پی) آرمی پبلک سکول پشاور پر دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے آٹھویں جماعت کے 13سالہ طالب علم محمد ابراہیم کی ریڑھ کی ہڈی کے علاج کیلئے سی ایم ایچ راولپنڈی کے ڈاکٹروں کے بورڈ نے برطانیہ میں علاج کرانے کی سفارش کردی جبکہ زخمی بچے کے والد شیر محمد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے انکے بہادر بیٹے محمد ابراہیم کے علاج کیلئے وعدے پورے نہیں کئے، وہ عیادت کرنے کیلئے آئے اور فوٹو سیشن کر کے واپس چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق 16 دسمبر2014ء کو پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشت گردوں کے حملے میں محمد ابراہیم اور اسکے بھائی اسد نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور انکی ہمت و بہادری اور جرأت کی وجہ سے متعدد بچوں کی جان بچی، عمران خان کے علاوہ پرویز خٹک نے عیادت کے موقع پر یہ اعلان کیا تھا کہ ابراہیم کا پاکستان کے اندر اور پاکستان کے باہر بہترین علاج کروایا جائیگا لیکن ابھی تک صوبائی حکومت نے محمد ابراہیم کے علاج و معالجہ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ انہوں نے وزیراعظم نوازشریف سے اپیل کی کہ انکے بیٹے ابراہیم کا برطانیہ میں علاج کروانے کیلئے فنڈز جاری کئے جائیں۔ اگر انکے بیٹے کو علاج کیلئے بیرون ملک نہ بھجوایا گیا تو وہ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر دھرنا دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن